امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں اہم پیشرفت، مرکزی ملزم دبئی سے گرفتار

پنجاب پولیس کی ٹیم نے انٹرپول کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا


ویب ڈیسک October 04, 2025

لاہور میں قتل امیر بالاج ٹیپو کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جب کہ مرکزی ملزم کو دبئی سے گرفتار کرلیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو دبئی سے گرفتار کیا گیا جو امیر بالاج ٹیپو قتل میں مرکزی ملزم تھا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ لاہور پولیس کی اسپیشل ٹیم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو لینے کے لیے دبئی روانہ ہوگئی ہے، اسپیشل پولیس ٹیم طیفی بٹ کو جلد از جلد کاغذی کارروائی کے بعد لاہور لائے گی۔

پولیس ذرائع نے کہا کہ خواجہ تعریف عرف طیفی بٹ کو لاہور لانے بعد جے آئی ٹی کے حوالے کیا جائے گا، جے آئی ٹی طیفی بٹ سے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کے مقدمے میں تفتیش کرے گی۔ 

خواجہ تعریف عرف طیفی بٹ 18 ماہ قبل بالاج ٹیپو کے قتل کے بعد روپوش ہوگیا تھا، امیر بالاج ٹیپو کے قتل کے مقدمہ میں گوگی بٹ اور طیفی بٹ کو نامزد کیا گیا تھا، امیر بالاج ٹیپو کے قتل کا مقدمہ تھانہ چونگ میں درج ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگست 2024 میں ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس کا مرکزی ملزم احسن شاہ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھا۔

امیر بالاج ٹیپو کو 18 فروری 2024 کو شادی کی تقریب میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

 

 

مقبول خبریں