پیرس:
فرانس کے مشہور لوور میوزیم میں چول دن دہاڑے کرین کے ساتھ داخل ہو کر شاہی زیورات کے خانے سے نایاب زیورات چوری کرکے باآسانی فرار ہوگئے۔
غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فرانس کی حکومت نے بتایا کہ چوروں نے کرین کی مدد سے پیرس کے لوور میوزیم میں داخل ہو کر بالائی منزل کی ایک کھڑکی توڑ دی اور اس حصے سے قیمتی زیورات چرا لیے جہاں فرانسیسی شاہی زیورات رکھے گئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ واردات کے بعد چور باآسانی موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پیرس کے مشہور میوزیم میں چوری کی واردات کے بعد وہاں کی سکیورٹی سے متعلق سخت سوالات جنم لے چکے ہیں اور ایک ایسے وقت میں جب حکومت عالمی شہرت یافتہ مقام میں سرمایہ کاری کی کمی پر تشویش ظاہر کر چکی ہے۔
حکام کے مطابق میوزیم میں 2024 میں 87 لاکھ سیاحوں کی آمد ہوئی تھی اور اب اس واردات سے سیکیورٹی مسائل ہوسکتے ہیں۔
فرانس کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ چوروں نے اتوار کو صبح تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر واردات کی حالانکہ اس وقت میوزیم عوام کے لیے کھل چکا تھا اور وہ "گیلری ڈے اپولون" کی عمارت میں داخل ہوئے۔

ثقافت کی وزیر رشیدہ داتی نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے تقریباً 4 منٹ میں اپنی کارروائی مکمل کی اور یہ کام پیشہ ور افراد نے انجام دیا ہے اور اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے فوٹیج دیکھی کہ جس میں وہ کسی شخص کو نشانہ نہیں بناتے، سکون سے داخل ہوتے ہیں، چار منٹ میں شیشے کے شوکیس توڑتے ہیں، مال سمیٹ کر چلے گئے کسی پر کوئی تشدد نہیں کیا اور بظاہر انہوں نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں اپنی واردات مکمل کی۔
وزیر کا کہنا تھا کہ میوزیم کے باہر سے کچھ زیور ملا ہے جو بظاہر چوروں سے فرار کے دوران گر گیا تھا۔
انہوں نے واضح نہیں کیا کہ برآمد ہونے والی چیز کیا تھی، تاہم فرانسیسی اخبار نے رپورٹ کیا کہ مذکورہ زیور نپولین سوم کی اہلیہ ملکہ ایوجینی کا تاج تھا اور وہ تاج ٹوٹ گیا ہے۔

فرانس کے وزیرداخلہ لوران نونیز نے چوری کی واردات کے حوالے سے مقامی میڈیا کو بتایا کہ 3 یا 4 چور ٹرک پر نصب کرین کی مدد سے میوزیم میں داخل ہوئے، ایک کھڑکی توڑی، متعدد شوکیسز کو دیکھا اور ایسی زیورات لے گئے جن کی حیثیت حقیقی تاریخی ہے اور قیمت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے۔
نونیز نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور یہ معاملہ پولیس کے ایک خصوصی یونٹ کے سپرد کردیا گیا ہے جو اس طرح کی وارداتوں کی تفتیش کے لیے مشہور ہے۔
یاد رہے کہ پیرس کا میوزیم لوور دنیا کا سب سے زیادہ وزٹ کیا جانے والا میوزیم ہے جو لیونارڈو ڈاؤنچی کی مشہور فنی تخلیق مونا لیزا کا گھر بھی ہے۔
میوزیم کی انتظامیہ نے سیاحوں کو آگاہ کیا کہ غیر معمولی وجوہات کی وجہ سے میوزیم آج کے دن بند رہے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ تاریخ کی سب سے بدترین فنی چوریوں میں سے ایک 1911 میں ہوئی تھی جب مونالیزا کی اسی میوزیم سے چوری ہوئی تھی اور اس واردات میں میوزیم کا ایک سابق ملازم ملوث تھا۔
حکام نے اس وارادات کے بعد سابق ملازم کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ چوری کی گئی مشہور پینٹنگ دو سال بعد میوزیم کو واپس کر دی گئی تھی۔
