ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کی بہترین سہولت کاری سے پاکستان میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کا نئے سرمایہ کاری معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوگیا ہے جبکہ وفود نے مذاکراتی مسودے پر دستخط بھی کردیے ہیں۔
دونوں ممالک کے وفود نے توانائی، ٹیکنالوجی اور معدنیات میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کا جائزہ لیا جبکہ معاہدے میں پاکستان اور آسٹریلیا کا طویل المدتی اقتصادی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وزیر، قیصراحمد شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری پالیسی اصلاحات کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔ حکومت عالمی طریقہ کار سے ہم آہنگ جدید سرمایہ کاری ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر داخلہ کی آسٹریلوی ہم منصب سے ویڈیو لنک میٹنگ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور آسٹریلیا کے وزیر داخلہ ٹونی برک میں ویڈیو لنک میٹنگ ہوئی جس میں دونوں وزرا کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور سکیورٹی کے حوالے سے تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
پاکستان اور آسٹریلیا نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کیلئے اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے افسروں کے لئے ٹریننگ پروگرامز کے آغاز کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
میٹنگ میں نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی اور ایف ائی اے کے ساتھ آسٹریلوی اداروں کے اشتراک کار بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آسٹریلوی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔