پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے لاس اینجلس 2028 اولمپک گیمز کے لیے اولمپک سولیڈیریٹی اسکالرشپ ہولڈرز کا اعلان کردیا۔
اگلے اولمپک گیمز کی تیاری میں مدد کے لیے منتخب 8 کھلاڑیوں کو رواں سال ستمبر سے اگست 2028 تک آئی او سی اولمپک یکجہتی پروگرام کے ذریعے ہر سال ساڑھے 13 ہزار ڈالرز سالانہ فی کھلاڑی اسکالرشپ سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
اسکالرشپ حاصل کرنے والوں میں 4 مرد اور 4 خواتین کھلاڑی شامل ہیں۔
اسکالرشپ کے لیے ایتھلیٹکس میں پیرس اولمپکس میں ریکارڈ جیولین تھرو کر کے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے اولمپیئن ارشد ندیم کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔
نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے 5 شوٹرز بھی اسکالرشپ کے لیے منتخب ہوئے، ان میں 3 مرد انٹرنیشنل شوٹرز محمد فرخ ندیم، سلیمان خان اور امام ہارون کے ساتھ 2 خواتین شوٹرز کشمالہ طلعت اور رابعہ کبیر شامل ہیں۔
ٹیبل ٹینس کی خاتون کھلاڑی عائقہ حسن اور تائی کوانڈو کی خاتون کھلاڑی فاطمہ الزہرہ خاور بھی لاس اینجلس اولمپک گیمز تک اسکالر شپ حاصل کرتے رہیں گے۔