میری پارٹنر آدھی بھارتی ہیں، بیٹے کا نام شیکھر کیوں رکھا؛ ایلون مسک نے بتا دیا

ایلون مسک کے بیویوں اور بچوں کی تعداد کے بارے میں متضاد خبریں زیر گردش رہتی ہیں


ویب ڈیسک December 02, 2025
ایلون مسک کی پارٹنر آدھی بھارتی ہیں

ایلون مسک کے بچوں کی تعداد اور ان کی بیویوں سے متعلق متضاد اطلاعات، خبریں اور افواہیں اب شاید دم توڑ دیں کیوں کہ پہلی بار انھوں نے اس بارے میں لب کشائی کی ہے۔

دنیا کے امیر ترین شخصیات میں سے ایک اور کسی حد تک پُراسرار ازدواجی زندگی کے مالک ایلون مسک نے پہلی بار اپنی فیملی کے بارے میں بات کی ہے۔

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نے پہلی بار انکشاف کیا ہے کہ ان کی پارٹنر نیورالنک کی ایگزیکٹیو شیوان زِیلس ہیں۔

ایلون مسک نے مزید بتایا کہ شیوان زیلس سے ایک بیٹا ایسا بھی ہے جس کا نام شیکھر رکھا ہے۔ یہ نام نوبیل انعام یافتہ بھارتی سائنس دان چندر شیکھر سے متاثر ہوکر رکھا۔

انھوں نے میزبان سے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ آپ جانتے ہیں یا نہیں، مگر میری پارٹنر شیوان آدھی بھارتی ہیں۔

ایلون مسک نے مزید بتایا کہ میری لائف پارٹنر شیوان زیلس کے والد بھارت سے کینیڈا بطور طالب علم آئے تھے اور واپس بھی چلے گئے۔

ایلون مسک کے بقول شیوان زیلس کینیڈا میں ہی پلی بڑھیں اور بچپن میں ہی ان کو گود لے لیا گیا تھا۔ ان کے والد کے بارے میں مکمل معلومات انھیں خود بھی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ شیوان زیلس 2017 میں نیورالنک سے وابستہ ہوئیں اور اس وقت ڈائریکٹر آف آپریشنز اینڈ اسپیشل پروجیکٹس کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ 

ایلون مسک سے شیوان کی پانچ اولادیں ہیں جن میں سے ایک جڑواں ہیں۔

 

مقبول خبریں