ویسٹ انڈیز کا تاریخی فائٹ بیک، یقینی شکست ڈرا میں تبدیل

کیمار روچ نے جسٹن گریوز کے ساتھ تاریخ ساز اننگز کھیلی اور ٹیم کو یقینی شکست سے بچالیا


اسپورٹس ڈیسک December 06, 2025

جسٹن گریوز کی ناقابل شکست ڈبل سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں یقینی شکست سے بچ گیا۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے 531 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 163.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 457 رنز بنائے۔

یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی اننگز کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔

جسٹن گریوز 202 اور کیمار روچ 58 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ یہ دونوں کا ٹیسٹ کرکٹ میں کیریئر بیسٹ اسکور ہے۔

ہدف کے تعاقب میں صرف 72 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد شائے ہوپ اور جسٹن گریوز نے 196 رنز کی شراکت قائم کی۔

شائے ہوپ 140 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ چھٹی وکٹ صرف 9 رنز کے اضافے کے بعد ہی گرگئی۔

بعد ازاں کیمار روچ نے جسٹن گریوز کے ساتھ تاریخ ساز اننگز کھیلی اور 180 رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کو یقینی شکست سے بچالیا۔

جسٹن گریوز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے 3 جبکہ میٹ ہینری، زیک فولکس اور مائیکل بریسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 466 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی۔ رچن رویندرا 176 اور کپتان ٹام لیتھم 145 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ نے 5، اوجے شیلڈز نے 2 اور جیڈن سیلز نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی تو نیوزی لینڈ ٹیم پہلی اننگز میں 231 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔

کین ولیمسن 52 اور مائیکل بریسویل 47 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچم جیڈن سیلز، اوجے شیلڈز اور جسٹن گریوز نے 2،2 جبکہ جوہان لین اور روسٹن چیز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

ویسٹ انڈیز ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 167 رنز ہی بناسکی تھی۔ شائے ہوپ 56 اور ٹیگنارائن چندرپال 52 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

نیوزی لیںڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے 5، میٹ ہینری نے 3 اور زیک فولکس نے 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

مقبول خبریں