کراچی کے عالمی ثقافتی میلے میں142 ممالک کے  فنکاروں کی شرکت صوبے کیلیے بڑا اعزاز ہے، مراد علی شاہ

یہ شاندار تقریب سندھ اور پاکستان  کی بے مثال ثقافتی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے


اسٹاف رپورٹر December 07, 2025

کراچی:

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ  نے کہا کہ کراچی میں 39 روزہ عالمی ثقافتی میلہ جس میں142 ممالک کے 1ہزار سے زائد فنکاروں  کی شرکت صوبے کےلیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ بہترین  میزبانی سندھ کی ثقافت کا قدیم ورثہ  ہے۔یہ شاندار تقریب سندھ اور پاکستان  کی بے مثال ثقافتی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ بات وزیراعلیٰ سندھ نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی   کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔انہوں نے کہا  سندھی کلچر ڈے   اور عالمی ثقافتی میلے نے اس تقریب کو ایک پُرجوش جشن میں تبدیل کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے بطور ِ مہمان خصوصی  تقریب میں شرکت  کی  اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور اس کے صدر محمد احمد شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے  اسے پاکستان کے ثقافتی منظر نامے میں ایک تاریخی اور قابل ذکر کارنامہ قرار دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی نے 142 ممالک کے ایک ہزار سے زائد فنکاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے دنیا کے لیے اپنی باہیں کھول دی ہیں، یہ صرف ایک تقریب نہیں ہے بلکہ یہ ایک سنگ میل ہے جو سندھ کے امن، رواداری اور مہمان نوازی کے پائیدار جذبے کو اجاگر کرتا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہاکہ جس دن سندھی کلچر ڈے منایا جا رہا  ہےاسی دن ورلڈ کلچر فیسٹیول کا اختتام ایک خوشگوار اتفاق ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے ثقافتی  دن  اور عالمی آرٹ کے اتحاد نے اس دن کو سچ میں  یادگار بنا دیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے  کہا کہ اس دھرتی نے معروف شاعر، ادیب، مصور اور موسیقار پیدا کیے ہیں جو ایک طرح سے سندھ دھرتی کی ایک خوبصورت روایت کے طورپر چلی آرہی ہے۔ ان  میں شاہ عبداللطیف بھٹائی، شیخ ایاز، اے آر۔ ناگوری، مسرت مرزا، محمد جمن اور عابدہ پروین بطور آئیکن ہیں، جنہوں نےسرزمین کے امن اور محبت کے پیغام کوعام کیا۔

 انہوں نے کہا کہ سندھ نے ہمیشہ امن اور ہم آہنگی کی عالمی زبان بولی ہے۔ اس فیسٹیول  کی  پرفارمنس  امن و محبت  کے پیغام کی بازگشت ہے۔وزیراعلیٰ نے آرٹس کونسل کی قیادت  کو سراہتے ہوئے کہا کہ  آرٹس کونسل  نے وہ کرکے دکھایا جسے بہت سے لوگ ناممکن سمجھتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 140 سے زائد ممالک سے فنکاروں کویکجا کرنا  ایک مشکل کام ہے مگر احمد شاہ نے ثابت کر دیا کہ وژن اور عزم کے ساتھ کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔تقریب میں صوبائی وزراء، سفارتکاروں، سفیروں، قونصل جنرلز، اعلیٰ سرکاری افسران، فنکاروں، ثقافتی وفود اور میڈیا  اراکین نے شرکت کی۔

قبل ازیں تقریب میں مہمان خصوصی کے استقبالیہ کے لیے ریڈ کارپٹ ، تلاوت قرآن پاک، قومی ترانہ، میلے کی شوریل، صدر  آرٹس کونسل  کراچی محمد احمد شاہ کی تقریر اور حصہ لینے والے فنکاروں اور تعاون کرنے والوں کے اعزاز میں تقسیم انعامات کی تقریب  ہوئی ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے فیسٹیول کو عالمی سطح پر کامیاب بنانے پر تمام غیر ملکی مشنز، بین الاقوامی فنکاروں اور مقامی فنکاروں کا شکریہ ادا کیا اور صوبے بھر میں ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سندھ حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مل کر دنیا کو دکھایا کہ کراچی ایک عالمی ثقافتی دارالحکومت ہے اور سندھ امن، تنوع اور تخلیقی صلاحیتوں کی سرزمین ہے۔پروگرام کا اختتام تالیوں کی گونج سے  ہوا۔ سامعین نے ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025 کی کامیابی اور سندھی کلچر ڈے کی  عظیم روایات دونوں کا جشن منایا۔

مقبول خبریں