وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کے کامیاب انسدادِ منشیات آپریشن کو سراہتے ہوئے اسے پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور مستعدی کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک بحریہ نے 30 لاکھ ڈالر مالیت کی 1500 کلو گرام منشیات ضبط کرکے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں اپنے مؤثر کردار کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر نیول چیف اور یمامہ جہاز کے عملے کو مبارکباد دیتے ہوئے افسروں اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ یمامہ جہاز کے عملے نے پیشہ وارانہ مہارت دکھاتے ہوئے منشیات کی بڑی کھیپ کو ضبط کیا، جو پاکستان کو منشیات سے پاک کرنے کے قومی عزم کی مثال ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک بحریہ کا یہ آپریشن نہ صرف قابلِ تحسین کارنامہ ہے بلکہ اس پر پوری قوم کو اپنے جانبازوں پر فخر ہے، اور بحریہ کی کوششیں انسدادِ منشیات کے لیے جاری قومی مہم کا اہم حصہ ہیں۔