جی ایچ کیو میں "چیف آف ڈیفنس فورسز کے اعزاز میں گارڈ آف آنر" کی تقریب منعقد ہوئی۔
آئی ایس پی ار کے مطابق جی ایچ کیو میں پروقار تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو تینوں مسلح افواج کے دستے کی طرف سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
تقریب بطور پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہونے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔
تقریب میں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت اعلیٰ عسکری افسران بھی شریک تھے۔
اعزازی دستے کی جانب سے مہمان خصوصی کو جنرل سلامی پیش کی گئی، مہمان خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اعزازی دستے کا معائنہ کیا، پروقار تقریب میں اعلی فوجی افسران نے بھی شرکت کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ معرکہ حق—قوم اور پاک فوج کے جوانوں کی بہادری تاریخ میں سنہری باب ہے، معرکہ حق کی ملٹی ڈومین آپریشنز مستقبل کی جنگوں کا نصاب بن چکے ہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ شہدا کو سلام، شہید ہمیشہ قوم کا فخر رہیں گے، سائبر، الیکٹرو مقناطیسی اسپیکٹرم، خلا، آئی او، اے آئی اور کوانٹم کمپیوٹنگ مستقبل کا میدان ہیں، ٹرائی سروسز ہم آہنگی اور مشترکہ سینرجی کے لیے رسمی ڈھانچہ وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی ایف ہیڈکوارٹرز کا قیام تاریخی قدم—مستقبل کے خطرات سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، پاک فوج کا ویژن—ثقافتی طور پر جدید، ہر دم تیار، جارحیت روکنے والی مضبوط عسکری قوت ہے۔
تقریب میں پاک نیوی اور پاک فضائیہ کے ہیروز کو معرکہ حق میں بہادری پر اعزازات دیے گئے۔