پی پی کسی سیاسی جماعت پر پابندی کی حامی نہیں نہ کسی کو غدار سمجھتی ہے، شرجیل میمن

معاملات کو اس نہج تک نہ لے جائیں جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو، بات چیت سے مسائل حل کریں، سینئر صوبائی وزیر


ویب ڈیسک December 10, 2025
فوٹو فائل

سندھ کے سینئر صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کسی بھی جماعت پر پابندی کی حمایت نہیں کرتی اور نہ ہی کسی کو غدار سمجھتی ہے تاہم پی ٹی آئی کو بھی اپنی سیاست پر نظرثانی کرنا ہوگی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ماضی میں اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے اقتدار میں آئے اور اعتراف کرچکے ہیں کہ انہیں بلوں کی منظوری کیلیے بھی اداروں سے مدد ملی تھی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے تین سالہ دور اقتدار کے انٹرویوز ریکارڈ پر موجود ہیں، عدم اعتماد کے وقت یہ تاحیات ایکسٹیشن دینے کو راضی اور اسٹیبلشمنٹ کے ترلے کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جو نوجوان اور لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان اینٹی اسٹیبلشمنٹ ہے تو وہ ماضی کے بیانات ضرور سن لے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی سیاست ملک یا عوام کیلیے نہیں بلکہ صرف اپنے اور خاندان کو بچانے کیلیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی کو غدار نہیں سمجھتی تاہم انہیں بھی اپنے طرز سیاست کو تبدیل کرنا ہوگا اور نہ ہی ہم کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کی حمایت کریں گے۔

شرجیل میمن نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ اُس نہج تک نہ پہنچیں جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو بلکہ بات چیت سے معاملات حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور میں کوئی ایسا کارنامہ انجام نہیں دیا کہ آپ کو یاد رکھا جائے، پیپلز پارٹی کے دور میں ملک میں آئین معرض وجود آیا، ملک کو ایٹمی ملک بنایا اور میزائل ٹیکنالوجی دی۔ جمہوریت کیلئے ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو سمیت کئی بڑی قربانیاں پیپلز پارٹی نے دیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ عمران کے دور میں نہ کوئی بڑا کارنامہ انجام پایا نہ کوئی جمہوریت کیلئے خدمت بلکہ ہمیشہ سیاستدانوں پر ظلم کیا، آصف علی زرداری نے 12 سال جیل کاٹی مگر ایک لفظ ملک کے خلاف نہیں بولا، بے نظیر کی شہادت پر پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو الیکشن لڑنے کیلئے فنڈنگ اسرائیل و انڈیا نے کی، یہ میں نہیں ارشد شریف شہید نے کہا تھا، آپ نے قائد اعظم کی رہائش گاہ کو چھوڑا نہ ایدھی ایمبولینسز بخشا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ بھارتی میڈیا کسی صورت میں اس بحران سے نکلنے کیلئے آپ کی کوئی مدد نہیں کر سکتا بلکہ اس سے معاملات مزید بڑھیں گے۔

 

مقبول خبریں