سیستان بلوچستان میں پاسداران انقلاب کے قافلے پر حملے میں 3 اہلکار ہلاک

پاسداران انقلاب کی چھاپا مار ٹیم علیحدگی پسندوں کی گرفتاری کے لیے پہنچی تھی


ویب ڈیسک December 10, 2025
شورش زدہ زاہدان میں پاسداران انقلاب کے قافلے پر حملے میں 3 اہلکار ہلاک

ایران کے صوبے سیستان بلوچستان کے شورش زدہ جنوب مشرقی شہر زاہدان میں سیکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپ کی اطلاعات ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق سیستان بلوچستان میں بے امنی کی نئی لہر میں پاسداران انقلاب کے قافلے پر نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت حملہ کردیا جب یہ اہلکار سرچ آپریشن کے لیے پہنچے تھے۔

جھڑپ کا یہ واقعہ زاہدان کے سرحدی علاقے میں پیش آیا۔ جب سیکیورٹی اہلکار علیحدگی پسندوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی کر رہے تھے۔

پاسداران انقلاب نے حملے میں 3 اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے لیکن یہ نہیں بتایا کہ چھاپہ مار ٹیم کس گروہ کے خلاف آپریشن کے لیے گئی تھی۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے اور علاقے میں سیکیورٹی آپریشن جاری ہے تاکہ مزید حملوں کو روکا جا سکے۔

تاحال زاہدان میں سرگرم کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ سیستان بلوچستان کئی دہائیوں سے سرحدی کشیدگی اور علیحدگی پسند گروہوں کے حملوں کی زد میں رہا ہے جہاں ماضی میں متعدد دہشت گرد تنظیموں نے کارروائیاں کی ہیں۔

 

مقبول خبریں