بلوچستان میں طویل انتظار کے بعد بارشوں نے انٹری دے دی ہے، جس سے صوبے کے مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
کوئٹہ اور اس کے گردونواح میں صبح کے وقت ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث فضا میں تازگی محسوس کی گئی۔ بارش کے قطرے پڑتے ہی شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور موسم سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مغربی ہواوٴں کا سلسلہ داخل ہو چکا ہے، جس کے زیر اثر صوبے کے تقریباً 70 فیصد علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گوادر، نوکنڈی، دالبندین، تفتان، قلات، حب اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید علاقوں میں بارش متوقع ہے محکمہ۔ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل 21 دسمبر کو شمالی زیارت اور گردونواح میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
اسی طرح چاغی، نوشکی، واشک، پنجگور، کیچ، گوادر، قلات اور مستونگ میں بارش متوقع ہے، جبکہ کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی، چمن، موسیٰ خیل اور ژوب میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ ماہرینِ موسمیات کے مطابق حالیہ بارشیں بلوچستان کے لیے خوش آئند ثابت ہوں گی۔