کراچی؛ اوئسٹر ٹاورز خطرناک قرار، سرکاری افسران و خاندان بے گھر ہونے کے خدشے سے دوچار

یہ سرکاری رہائشی عمارت برسوں سے خستہ حالی، خراب سیوریج نظام اور ساختی کمزوری کا شکار تھی


رزاق ابڑو December 21, 2025

کراچی:

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی جانب سے کلفٹن میں واقع اوئسٹر ٹاورز کو ’’خطرناک‘‘ قرار دیے جانے کے بعد گریڈ 18 سے 20 کے درجنوں سرکاری افسران اور ان کے خاندان اچانک بے گھر ہونے کے خطرے سے دوچار ہوگئے ہیں۔

یہ سرکاری رہائشی عمارت برسوں سے خستہ حالی، خراب سیوریج نظام اور ساختی کمزوری کا شکار تھی۔ ماضی میں حکومت اور متعلقہ محکموں نے بارہا دی گئی تحریری شکایات اور انتباہات کو مسلسل نظرانداز کیا، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ اب اس کو ایس بی سی اے کی جانب سے اخبارات میں اشتہار دے کر خطرناک قرار دے دیا گیا ہے۔

حکومتی بے حسی کے باعث مسئلہ سنگین ہوتا چلا گیا اور اب بغیر کسی متبادل انتظام کے فوری انخلا کا نوٹس دے دیا گیا ہے۔

مزید براں، کلفٹن میں نجی رہائش کے مہنگے کرائے اور سرکاری مکانات کی قلت نے خاندانوں، خصوصاً خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید عدم تحفظ میں مبتلا کر دیا ہے۔

متاثرہ رہائشیوں نے وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انخلا کا حکم معطل کر کے عمارت کی بحالی کا کام فوری شروع کیا جائے یا بصورت دیگر متاثرہ خاندانوں کو متبادل سرکاری رہائش فراہم کی جائے۔

مقبول خبریں