پشاور کے علاقے داؤدزئی میں پولیس اور ملزمان کے درمیان شدید فائرنگ کے بعد بڑا آپریشن کامیاب رہا، جس کے دوران پانچ انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرز ہلاک ہو گئے۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور دیگر اضلاع کی پولیس کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
سی سی پی او نے بتایا کہ انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس میں پولیس کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
رات کی تاریکی کے باعث آپریشن کو مشکلات درپیش رہیں، تاہم پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے علاقہ کو مکمل گھیرے میں لے لیا۔
پولیس کی بھاری نفری نے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر رکھی ہے، جبکہ کسی بھی مشتبہ فرد کو فرار ہونے کا موقع نہ دینے کے لیے سخت نگرانی جاری ہے۔
ہلاک ملزمان کی مکمل شناخت اور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر قیمت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی اور امن و امان کو خراب کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔