بالی ووڈ کی منفرد آواز کی مالک خوبصورت اور منجھی ہوئی اداکارہ رانی مکھر جی بہت جلد پردۂ اسکرین پر جلوے بکھیرتے نظر آئیں گی۔
بالی ووڈ میں ایک بار پھر ’’او مائی گاڈ‘‘ کا شور سنائی دینے والا ہے کیونکہ اکشے کمار کی اس بلاک بسٹر اور سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلم کے تیسرے سیکوئل کی تیاری شروع کردی گئی۔
اس بار کہانی میں صرف سوال نہیں ہوں گے بلکہ ایک مضبوط، باوقار اور چونکا دینے والا کردار بھی شامل ہونے جا رہا ہے اور وہ کردار نبھائیں گی رانی مکھرجی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ’’او مائی گاڈ 3‘‘ میں رانی مکھرجی کی انٹری کو محض ایک کاسٹنگ نہیں بلکہ کہانی کا گیم چینجر قرار دیا جا رہا ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ رانی کا کردار نہ صرف مضبوط ہوگا بلکہ فلم کے سماجی اور اخلاقی پیغام کو مزید گہرائی دے گا۔ ان کی موجودگی سے کورٹ روم ڈرامہ مزید سنجیدہ، اثر انگیز اور جذباتی ہونے کا امکان ہے۔
فلم کی ہدایت کاری ایک بار پھر امیت رائے کے ہاتھ میں ہوگی جنہوں نے پہلے دو حصوں میں مذہب، سماج اور سوالات کو تفریح کے ساتھ جوڑ کر شائقین اور ناقدین کو متاثر کیا تھا۔
اس بار ہدایت کار کا دعویٰ ہے کہ او ایم جی 3 نہ صرف پچھلے حصوں سے بڑی ہوگی بلکہ زیادہ بولڈ اور متعلقہ موضوعات کو چھیڑے گی۔
او ایم جی کے پہلے دو حصے کورٹ روم ڈرامے، طنز، سماجی سوالات اور مذہبی تصورات پر مکالمے کی وجہ سے بے حد مقبول رہے۔
اکشے کمار نے ان فلموں میں ایک علامتی اور غیر روایتی انداز میں بھگوان کا کردار ادا کیا، جس نے عوام کو سوچنے پر مجبور کر دیا۔
یہی وجہ ہے کہ او ایم جی کو اکشے کمار کے کیریئر کی سب سے مضبوط فرنچائزز میں شمار کیا جاتا ہے۔
او ایم جی 3 میں اکشے کمار اور رانی مکھرجی کی جوڑی شائقین کے لیے خاص کشش رکھتی ہے۔ دونوں اداکار سنجیدہ اور مضبوط کرداروں کے لیے جانے جاتے ہیں اور اگر عدالت کے کٹہرے میں یہ دونوں آمنے سامنے آئے تو مکالموں کی چنگاریاں اُڑنا طے ہے۔
ذرائع کے مطابق فلم کی پری پروڈکشن 2026 کے وسط میں شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ شوٹنگ کے شیڈول اور ریلیز ڈیٹ پر جلد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔