سندھ میں پہلی بار تمام امتحانی بورڈز کا مشترکہ اوریکساں امتحانی معیار نافذ

اب امتحانات نصابی کتب کے بجائے منظور شدہ یو ای ایس کی بنیاد پر لیے جائیں گے، وزیرتعلیم


عائشہ خان January 02, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

سندھ میں پہلی بار تمام امتحانی بورڈز کے لیے مشترکہ اور یکساں امتحانی معیار نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت انگریزی، ریاضی، فزکس، کیمسٹری اور بیالوجی کے امتحانات ایک ہی فریم ورک کے مطابق لیے جائیں گے۔

سندھ کے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے صوبائی وزیر سید سردار عمی شاہ کی یونیفارم امتحانی نصاب (Uniform Examination Syllabus – UES) کی باضابطہ منظوری کے بعد اس کے نفاذ کے لیے این او سی بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا ابتدائی مرحلے میں جماعت نہم اور دہم کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف کریکیولم، اسیسمنٹ اینڈ ریسرچ، سندھ (DCAR) کے جائزہ اور تجاویز کے بعد یونیفارم امتحانی نصاب نافذ کیا گیا ہے اور ٹیبل آف اسپیسیفکیشن کے تحت امتحانی پرچوں کی تیاری کی جائے گی۔

وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ اب امتحانات نصابی کتب کے بجائے منظور شدہ یو ای ایس کی بنیاد پر لیے جائیں گے، جس کے تحت صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز ایک ہی امتحانی معیار اور فریم ورک کے مطابق سوالیہ پرچے ترتیب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے بورڈز کے درمیان فرق ختم ہوگا اور کسی بورڈ کو مشکل یا آسان قرار دینے کا تاثر بھی زائل ہو جائے گا۔

سید سردار علی شاہ نے کہا کہ نیا امتحانی نظام رٹہ سسٹم کے بجائے فہم، اطلاق اور تنقیدی سوچ پر مبنی ہوگا، جس سے طلبہ کی حقیقی سیکھنے کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ جدید اسیسمنٹ نظام کے نفاذ سے نہ صرف امتحانی معیار بہتر ہوگا بلکہ شفافیت اور یکسانیت کو بھی فروغ ملے گا۔

صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق امتحانی اصلاحات کے ساتھ ساتھ اسٹوڈنٹ لرننگ آؤٹ کمز پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ اصلاحات کے عملی نتائج سامنے آسکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اصلاحات مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نظام کی بنیاد رکھیں گی اور نئی پالیسی کے تحت طلبا و طالبات کی صلاحیتوں کا درست اور منصفانہ اندازہ ممکن ہوگا۔

وزیرتعلیم نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام صوبے میں ایک مضبوط، شفاف اور قابل اعتماد امتحانی نظام کے قیام میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق یونیفارم امتحانی نصاب کا اطلاق فی الحال جماعت نہم اور دہم تک محدود رکھا گیا ہے جبکہ جماعت گیارھویں اور بارھویں کے لیے نصاب ڈائریکٹوریٹ آف کریکیولم، اسیسمنٹ اینڈ ریسرچ، سندھ کے جائزے اور سفارشات کی روشنی میں آئندہ مرحلے میں نافذ کیا جائے گا۔

مقبول خبریں