بلوچستان تعلیمی بورڈ میں ایچ ایس ایس سی 2024 کے نتائج میں مبینہ ردوبدل کا انکشاف

نمبرز میں اضافے کے الزام پر 34 طلبہ کے نتائج کی جانچ کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی


ویب ڈیسک January 08, 2026

کوئٹہ:

بلوچستان تعلیمی بورڈ میں ایچ ایس ایس سی 2024 کے نتائج میں مبینہ ردوبدل کا انکشاف ہوا ہے، نمبرز میں اضافے کے الزام پر 34 طلبہ کے نتائج کی جانچ کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی۔

کمیٹی کا قیام بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کے تحت کیا گیا ہے۔

بلوچستان تعلیمی بورڈ کے چیئرمین محمد اسحاق نے کمیٹی کے نوٹیفکیشن جاری کیے۔ کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر سیکرٹری بلوچستان تعلیمی بورڈ ضیا الرحمن اور ممبران کے طور پر ڈپٹی سیکرٹری محمد شفیع اور محمد ہارون نامزد کیے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق، نمبرز میں اضافہ کے الزام میں شامل 34 طلبہ کو ذاتی سماعت کے لیے نوٹس جاری کیے جائیں گے اور انہیں اپنے اصل تعلیمی اسناد کے ساتھ دو مصدقہ نقول پیش کرنی ہوں گی۔

تحقیقاتی کمیٹی اینٹی کرپشن بلوچستان میں درج ایف آئی آر نمبر 12/Q/2025 کی تحقیقات کا بھی حصہ بنے گی۔ کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد تفصیلی رپورٹ اور سفارشات چیئرمین کو پیش کرے گی، جس کے بعد مزید قانونی اور انتظامی کارروائی بورڈ یا ایگزیکٹو باڈی کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام کارروائی بی بی آئی ایس ای ایکٹ 2019 کے تحت کی جائے گی۔

مقبول خبریں