پشاور، چڑیا گھر میں خوشیوں کی آمد، ننھے بنگال ٹائیگرز توجہ کا مرکز

بنگال ٹائیگرز کا شمار دنیا کی طاقت ور اور خوبصورت جنگلی بلیوں میں ہوتا ہے، وائلڈ لائف حکام


احتشام خان January 10, 2026
فوٹو: ایکسپریس نیوز

پشاور:

چڑیا گھر میں دو ننھے بنگال ٹائیگرز کی آمد نے رونقیں دوبالا کر دی ہیں اور دونوں ننھے بنگال ٹائیگرز سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے  ہیں، انتظامیہ کے مطابق دونوں ننھے ٹائیگرز کو ابتدائی دنوں میں خصوصی انٹینسیو کیئر میں رکھا گیا تاہم اب مکمل صحت یاب ہیں اور اب انہیں عام انکلوژر میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ نے بتایا کہ ننھے بنگال ٹائیگرز اب سیاحوں کے لیے نمائش کے لیے پیش کر دیے گئے ہیں، جہاں بڑی تعداد میں آنے والے شہری اور بچے خاص طور پر ان کی معصوم حرکات دیکھ کر خوشی کا اظہار کر رہے ہی اور ٹائیگرز کے بچوں نے دیکھتے ہی دیکھتے سیاحوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

وائلڈ لائف حکام کے مطابق بنگال ٹائیگرز کا شمار دنیا کی طاقت ور اور خوبصورت جنگلی بلیوں میں ہوتا ہے، جو عموماً گھنے جنگلات، سرسبز میدانوں اور پانی کے قریب علاقوں میں رہنا پسند کرتا ہے، یہ جانور گرم اور مرطوب ماحول میں بہتر طور پر نشوونما پاتا ہے اور تیراکی میں بھی مہارت رکھتا ہے۔

بنگال ٹائیگر فطری طور پر تنہا رہنے والا جانور ہے اور اپنی حدود کا خاص خیال رکھتا ہے۔

 

 

چڑیا گھر انتظامیہ نے بتایا کہ ننھے ٹائیگرز کی بہتر دیکھ بھال، خوراک اور قدرتی ماحول سے قریب تر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ صحت مند ماحول میں پروان چڑھ سکیں۔

شہریوں نے چڑیا گھر انتظامیہ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے نہ صرف تفریح بلکہ جنگلی حیات سے متعلق آگاہی میں بھی اضافہ ہوگا۔

 

مقبول خبریں