برسبین انٹرنیشنل فائنل میں بیلاروس کی عالمی نمبرون ارینا سبالنکا نے یوکرین کی مارٹا کوسٹیوک کو مات دیکر اپنا دوسرا برسبین ٹائٹل جیت لیا۔
ٹرافی کی تقریب میں سب کی توجہ میچ یا فتح پر نہیں بلکہ رنر اپ مارٹا کی جانب سے ہینڈ شیک نہ کرنے پر مرکوز رہی۔ روس کی افواج کے 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد سے زیادہ تر یوکرینی کھلاڑی روس اور بیلاروسی حریفوں کے ساتھ مصافحہ کرنے سے گریز کرتے آئے ہیں۔
میچ کے بعد یوکرینی ٹینس اسٹار مارٹا کوسٹیوک نے برسبین میں منتظمین اور فینز کا شکریہ ادا کیا اور یوکرین کے موجودہ حالات بتاتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔
مارٹا کوسٹیوک نے کہا کہ میں روزانہ اپنے دل میں درد کے ساتھ کھیلتی ہوں، میرے ملک میں ہزاروں لوگ بغیر بجلی کے رہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منفی 20 سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں لوگوں کو گرم پانی میسر نہیں، میری بہن تین کمبل اوڑھ کر سوتی ہے کیونکہ اس کا گھر بہت ٹھنڈا ہے۔ یہ حقیقت بڑی تکلیف دہ ہے۔
دوسری جانب ارینا سبالنکا کی یہ برسبین ٹینس کے فائنل میں تیسری شرکت تھی، جس میں سے وہ 2 میں ٹرافی ہاتھوں میں اٹھانے میں کامیاب رہی ہیں، انہیں آسٹریلین اوپن ٹائٹل کیلیے بھی مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے۔