امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے علاقائی شراکت داروں کے تعاون سے قطر کے العدید ایئر بیس میں ایک نیا کوآرڈینیشن سیل قائم کر دیا ہے، جس کا مقصد مشرقِ وسطیٰ میں فضائی اور میزائل دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
سینٹ کام کے مطابق مڈل ایسٹ ایئر ڈیفنس – کمبائنڈ ڈیفنس آپریشنز سیل (MEAD-CDOC) کو قطر میں قائم کمبائنڈ ایئر آپریشنز سینٹر (CAOC) کے اندر قائم کیا گیا ہے۔ اس سیل میں امریکا کے ساتھ ساتھ علاقائی شراکت دار ممالک کے فوجی اہلکار بھی شامل ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ قطر میں موجود کمبائنڈ ایئر آپریشنز سینٹر تقریباً 20 سال قبل قائم کیا گیا تھا اور اس وقت اس میں 17 ممالک کے نمائندے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
سینٹ کام کے مطابق نیا قائم ہونے والا یہ سیل علاقائی ممالک کے درمیان فضائی اور میزائل دفاع کے شعبے میں تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کام کرے گا۔ اس کے علاوہ یہ سیل حساس معلومات کے تبادلے اور ممکنہ خطرات سے متعلق بروقت وارننگز جاری کرنے کی ذمہ داری بھی ادا کرے گا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے خطے میں سکیورٹی تعاون کو فروغ ملے گا اور فضائی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔