لاہور:
گلشنِ راوی میں 14 سالہ طالبہ کے اغوا اور زیادتی کے افسوسناک واقعے میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
وزیراعلیٰ کی ہدایات پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ متاثرہ طالبہ کے گھر پہنچیں۔ حنا پرویز بٹ نے متاثرہ طالبہ کے گھر جا کر اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور انصاف کی یقین دہانی کروائی۔
حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ 14 سالہ طالبہ کے ساتھ پیش آنے والا ظلم ناقابلِ برداشت ہے، مجرم کو مثال بنایا جائے گا۔ ایسے سفاک مجرموں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بچیوں کے خلاف جرائم پر کوئی نرمی نہیں، ملزم کو قرار واقعی سزا دلانا حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے۔ اغواء اور جنسی تشدد کرنے والا مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ متاثرہ طالبہ اور اس کے خاندان کو مکمل قانونی اور تحفظاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔ کسی طالبہ کی عزت اور زندگی سے کھیلنے والا قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔ خواتین کے لیے محفوظ پنجاب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن ہے۔