لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش اور سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی

سرگودھا، گجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بارش کا امکان ہے


ویب ڈیسک January 16, 2026
فوٹو: فائل

لاہور:

پی ڈی ایم اے پنجاب نے لاہور سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش اور سردی کی شدت میں اضافے سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آج سے 19 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہوگا، 20 سے 23 جنوری کے دوران مری گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 20 سے 23 جنوری کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ لاہور، سرگودھا، گجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بارش کا امکان ہے۔

لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں اسٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے۔ ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہدایات پر عمل کریں۔ سیاحوں کی سہولیات کے لیے مری میں مختلف مقامات پر فسیلیٹیشن سنٹرز قائم ہیں۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے اجتناب کریں، دوران سفر فوگ لائیٹس کا استعمال کریں اور عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

مقبول خبریں