دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند

موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، ترجمان


ویب ڈیسک January 18, 2026

لاہور:

شدید دھند کے باعث موٹرویز کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے ہرن مینار تک دھند کی وجہ سے بند ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون، موٹروے ایم تھری فیض پور سے جڑانوالہ تک اور موٹروے ایم فور خانیوال سے ملتان تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ دھند کے باعث قومی شاہرات پر ٹریفک کا غیر متوقع دباؤ منتقل ہو گیا ہے، تاہم موٹروے پولیس قومی شاہرات پر ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر لاہور، مانگا منڈی، پھول نگر اور پتوکی کے علاقوں میں شدید جبکہ مختلف مقامات پر ٹکڑوں کی صورت دھند موجود ہے جو ڈرائیونگ کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ رہیں۔

ترجمان کے مطابق دھند کے موسم میں دن کے وقت سفر کو ترجیح دی جائے جبکہ بہترین اور محفوظ سفری وقت صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہے۔

مقبول خبریں