اسلام آباد:
وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (PSQCA) کے ڈائریکٹر فنانس سید علی محمد بخاری کو مبینہ بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کے الزامات پر 120 روز کے لیے معطل کر دیا ہے۔
سیکرٹری وزارت سائنس کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ اقدام فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سفارشات اور وفاقی محتسب کی 18 ستمبر 2024 کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا۔
معاملے کی مزید چھان بین کے لیے دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں وزارت کے ڈپٹی سیکرٹری آرگنائزیشن نسیم احمد خان اور پی ایس کیو سی اے کے ڈائریکٹر ایڈمن خوشحال میر شامل ہیں۔ کمیٹی ای اینڈ ڈی رولز 2020 کے تحت کارروائی کرے گی۔

ذرائع کے مطابق سید علی محمد بخاری نے 2023 میں گریڈ ایک سے چار تک تقریباً 50 بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیاں کیں، جن میں بلوچستان کے ریجنل آفس کی بھرتیاں وفاقی حکومت کی منظوری کے بغیر کی گئی تھیں۔
سید محمد علی بخاری سے ڈائریکٹر فنانس کا اضافی چارج بھی فوری طور پر واپس لے لیا گیا ہے۔
یہ کارروائی PSQCA کے بھرتی اسکینڈلز پر سخت موقف کی واضح نشاندہی ہے اور وفاقی محکموں میں شفافیت کے مطالبات کو مزید تقویت دیتی ہے۔