راولپنڈی:
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ کوئی ان سے پوچھے اپوزیشن لیڈرز کے نوٹی فکیشنز 5 ماہ تک کیوں روکے؟ ان سے کوئی پوچھے پاکستان کن اصولوں پر چل رہا ہے؟ آئین کی خلاف ورزی پر ان سے کوئی نہیں پوچھ رہا؟
ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان سے فیملی اور وکلاء کی ملاقات کا آج دن ہے، پولیس نے معمول کی سیکیورٹی کو تبدیل کرلیا، عمران خان کی بہنوں اور کارکنوں کو داہگل ناکے سے بھی ایک کلومیٹر دور روک لیا گیا۔
بانی کی بہنوں اور کارکنوں نے آج نئی جگہ پر دھرنا دے دیا، علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نجی سوسائٹی کے قریب ماربل فیکٹری ناکے پر موجود ہیں جہاں بانی کی بہنوں اور کارکنان نے نجی سوسائٹی کے گیٹ کے قریب دھرنا دے دیا۔
ماربل فیکٹری ناکے کے قریب علیمہ خان اور کارکنان نے قرآن خوانی کی۔ پولیس کی بھاری نفری اطراف میں موجود رہی، پولیس نے کارکنان کو آگے جانے سے روکنے کے لیے نجی سوسائٹی کے گیٹ کے سامنے رکاوٹیں لگا کر راستہ بند کر دیا۔
نجی ہاؤسنگ سوسائٹی ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ اپوزیشن لیڈرز کے نوٹی فکیشن پانچ ماہ تک کیوں روکے گئے؟ اپوزیشن لیڈرز کا نوٹی فکیشن جاری نہ کرکے یہ غیر آئینی کام کررہے تھے، ان سے کوئی پوچھے پاکستان کن اصولوں پر چل رہا ہے؟ آئین کی خلاف ورزی پر ان سے کوئی نہیں پوچھ رہا؟
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ملاقات نہیں بانی کی رہائی چاہیے، بانی پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کا لیڈر ہے، 8 فروری کی کال کا اپوزیشن لیڈر کے نوٹی فکیشن سے کوئی تعلق نہیں، بانی کو غیر قانونی طریقے سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔