پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ 35سال جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم نے کراچی پر راج کیا،کراچی کو اس حال تک پہنچانے والی یہ دو جماعتیں ہیں،پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے کراچی کے سانحات کے متاثرین کی مکمل مالی معاونت کی ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر اور سابق اسپیکر کی تقاریر کا خلاصہ ہے کہ ہم سب کو ملکر چلنا چاہیے،ہم 10سال سے یہ ہی بات کر رہے ہیں لیکن ہمیں کہا گیا کہ ہم چور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ،اربوں پتی لوگ زمین پر آگئے۔ 10سال کراچی میں جماعت اسلامی نے راج کیا،10سال دوسری جماعت جس کے لوگ اسمبلی میں حیرانگی کے ساتھ تقاریر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کراچی پر راج کیا، اس کے بعد دوبارہ جماعت اسلامی آگئی۔جماعت اسلامی صدقہ، فطرانہ، چندہ،کھالیں بھی لیتی ہے اور سارے پیسے کراچی میں بینرز لگا کر خرچ کردیتی ہے۔ 35سال دو جماعتوں نے کراچی پر راج کر کے کراچی کو اس حال تک پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں آگ لگنے کا سب سے بڑا سانحہ بلدیہ تھا جس میں 360قیمتی جانوں کا ضیاع ہواہے، کیا یہ بھول گئے یا ذکر کرنا نہیں چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ٹمبر مارکیٹ آگ پر حکومت سندھ نے متاثرین کی مکمل معاونت کی۔
انہوں نے کہا کہ گل پلازہ کراچی ایک منزل عمارت تھی اس وقت میئر بھی ہمارا نہیں تھا اور نہ ہی ادارے کی سربراہی ہمارے پاس تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے گن مین گوگا نے ایک دکان کو دو میں تقسیم کیا، چلنے کا راستہ نہیں چھوڑا اور منازل بھی بڑھا دی تھیں۔ یہ پلازہ اس دور کی نشانی ہے جو آج آئینہ دکھا رہا ہے کہ میرے ساتھ کیا کیا، ملبے تلے دبے ہوئے لوگوں کی روحیں بدعائیں دیتی رہیں گی، چائنہ کٹنگ کہا ں سے آئی، پارک اور گرائونڈ ختم کس نے کیے، پلاٹنگ کس نے ناجائز طور پر کی۔
ایم کیو ایم رکن وسیم حسین نے پیپلزپارٹی رکن عبدالقادر پٹیل کو آڑے ہاتھوں لے لیا
وسیم حسین نے کہا کہ آج الطاف حسین پر باتیں کرنے والے یہی رکن الطاف حسین کو جاکر حلیم کھلاتے تھے، یہی رکن الطاف حسین کو سندھی اجرک اور ٹوپی پہناتے تھے، ہمیں مناظرے کا چیلنج دینے والے اندرون سندھ کی سیٹوں کی فکر کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب الطاف حسین کا گارڈ گوگا گل پلازہ بنوایا تھا تو یہی رکن حصے دار تھا، گوگا کے ساتھ حنیف سنارا سمیت دیگر کا نام بھی لے لیتے۔