پاکستان سپر لیگ کی سب سے مہنگی فرنچائز ’سیالکوٹ‘ کی ٹیم کے مکمل نام کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ’او زی‘ گروپ کے چیئرمین حمزہ مجید نے شریک مالک کامل خان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ پریس کانفرنس میں ٹیم کے نام اعلان کیا۔
حمزہ مجید کے مطابق پی ایس ایل میں سیالکوٹ کی ٹیم ’سیالکوٹ اسٹالینز‘ کے تاریخی اور مقبول نام کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
ریکارڈ 185 کروڑ روپے میں فرنچائز خریدنے والے حمزہ مجید کا کہنا تھا کہ ’اسٹالینز‘ صرف ایک نام نہیں بلکہ سیالکوٹ کی کرکٹ کی پہچان اور ایک عظیم تاریخ کا عنوان ہے۔
انہوں نے کہا کہ شائقینِ کرکٹ کی خواہشات اور سیالکوٹ کی روایتی پہچان کو برقرار رکھنے کے لیے اسی نام کا انتخاب کیا گیا ہے۔
حمزہ مجید نے مزید کہا کہ ’سیالکوٹ اسٹالینز‘ کی واپسی سے پی ایس ایل کی رونقیں دوبارہ بحال ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسی ٹیم تشکیل دے رہے ہیں جو نہ صرف بہترین کھیل پیش کرے گی بلکہ نوجوان ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر ایک نیا مقام دلائے گی۔
حمزہ مجید نے واضح کیا کہ او زی گروپ ٹیم کے لوگو، کٹ اور کھلاڑیوں کے انتخاب کے حوالے سے جلد ہی بڑے سرپرائزز دے گا۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ کی ٹیم کے لیے پانچ نام فائنل کیے گئے تھے۔
فائنل ہونے والے ناموں میں ’سیالکوٹ تھنڈرز‘، ’سیالکوٹ سکسرز‘، ’سیالکوٹ اسٹالینز‘، ’سیالکوٹ فیلکنز‘ اور ’سیالکوٹ شاہینز‘ شامل تھے۔