فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ماتحت ادارے پاکستان کسٹمز نے انسداد اسمگلنگ کی کاروائی کرتے ہوئے ساڑھے پانچ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چرس اسمگل کرنے کی دو کوششیں ناکام بنا دی ہیں
ایف بی آر کے مطابق ںایئر کارگو کنٹرول یونٹ کلکٹریٹ آف کسٹمز (ایئرپورٹ) کراچی نے انٹرنیشنل میل آفس کراچی کے ذریعے چرس اسمگل کرنے کی دو کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے مجموعی طور پر 1.87 کلوگرام چرس برآمد کر لی جس کی مالیت پانچ کروڑ چوہتر لاکھ تیس ہزار روپے ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ امریکا سے آنے والے مشتبہ پارسلز کی معمول کی اسکیننگ اور جانچ پڑتال کے دوران ایک پارسل سے 370 گرام چرس برآمد کی گئی جس کی مالیت ایک کروڑ تیرہ لاکھ ساٹھ ہزار روپے تھی اس پارسل کوشرٹس ظاہر کیا گیا تھا۔
دوسرے پارسل میں نائلون کارپٹ کے نمونے ظاہر کیے گئے جبکہ اس میں 1.5 کلوگرام چرس چھپا کر اسمگل کی جا رہی تھی جس کی مالیت چار کروڑ ساٹھ لاکھ ستر ہزار روپے تھی۔ دونوں پارسلوں کا الگ الگ مقدمہ ردج کرلیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل میل آفس میں اسسٹنٹ کلکٹر ایئر کارگو کنٹرول یونٹ کی نگرانی میں دونوں پارسلز سے ہونے والی برآمدگیاں روزمرہ کی رسک پروفائلنگ اور جانچ پڑتال کے طریقۂ کار کے تحت عمل میں آئیں۔
ایف بی آر کے مطابق منشیات کو متعلقہ قوانین کے تحت ضبط کر لیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہےایف بی آر تمام چینلز بشمول انٹرنیشنل میل آفس سے منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے تدارک کے لئے مؤثر کارروائیوں کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔