آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اہم فاسٹ بولر ایڈم ملنے ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
ان کی جگہ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کائل جیمیسن کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ایڈم ملنے کو یہ انجری اتوار کے روز جنوبی افریقی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے ایک میچ کے دوران بولنگ کرتے ہوئے پیش آئی۔
بعد ازاں کیے گئے اسکینز سے انجری کی سنگینی کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر کردیا گیا۔
ملنے حال ہی میں ایسٹرن کیپ سن رائزرز کی جانب سے آٹھ میچز کھیل چکے تھے اور اچھی فارم میں دکھائی دے رہے تھے۔
نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ روب والٹر نے ایڈم ملنے کے لیے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ان کی انجری پر بے حد افسردہ ہے۔
ان کے مطابق ملنے نے ٹورنامنٹ کے لیے سخت محنت کی تھی اور وہ اپنی بہترین کارکردگی کی جانب لوٹ رہے تھے۔
کوچ نے کائل جیمیسن کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ہی بھارت کے دورے پر ٹیم کے ساتھ موجود ہیں اور پیس بولنگ یونٹ کا اہم حصہ ہیں۔
روب والٹر کے مطابق جیمیسن کی محنت، مہارت اور تجربہ ورلڈ کپ میں ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
ٹیم انتظامیہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ٹریولنگ ریزرو کھلاڑی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اسکواڈ:
مچل سینٹنر (کپتان)، فن ایلن، مائیکل بریسویل، مارک چیپمین، ڈیوون کونوے، جیکب ڈفی، لوکی فرگیوسن، میٹ ہینری، کائل جیمیسن، ڈیرل مچل، جیمز نیشم، گلین فلپس، راچن رویندرا، ٹم سیفرٹ، ایش سودھی