کراچی:
شہر قائد کے علاقے شاہراہ فیصل کارساز کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
چھیپا حکام کے مطابق حادثے کے فوری بعد جاں بحق اور شدید زخمی افراد کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
چھیپا ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت فرحان کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر تقریباً 30 سال بتائی جا رہی ہے، جبکہ شدید زخمی ہونے والے شخص کی بھی شناخت نہیں ہوسکی اور اس کی عمر بھی 30 سال کے لگ بھگ ہے۔
واقعے کے بعد اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ پولیس کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے اور نامعلوم گاڑی کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔