کوئٹہ:
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
وزیراعلیٰ نے مختلف پولیس چوکیوں پر اہلکاروں کے ساتھ وقت گزارا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، آغا شکیل احمد درانی، ایم پی اے زرک خان مندوخیل، شیر خان ناصر، حسن میر بلوچ، یوسف بنگلزئی اور دیگر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ ہر قسم کی دہشت گردی اور بے امنی سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔