پاکستان سے پیار ہے اور لاہور بہت یاد آتا ہے پریم چوپڑا

اداکاری مشکل کام ہے، ہر کوئی نہیں کرسکتا، میری پہلی فلم کو نیشنل ایوارڈ ملا


Monitoring Desk November 12, 2014
گوالمنڈی میں پیدا ہونیوالے بالی وڈ اداکار کی ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’سنو‘‘ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

پریم نام ہے میرا پریم چوپڑا، میں وہ بلاہوں جوشیشے سے پتھر کو توڑتا ہوں، شمبو کا دماغ دو دھاری تلوارہے، ارے ننگانہائے گا کیا اور نچوڑے گا کیا، ایسے کئی مشہور ڈائیلاگ کی بدولت بھارتی فلم انڈسٹری میں گولڈن جوبلی پوری کرنیوالے سینئراداکار پریم چوپڑا بدھ کو ایکسپریس نیوز کے پروگرام سنوکے میزبان رانا مبشرکے مہمان بنے۔

انھوں نے بھارت سے ٹیلیفون پرتفصیلی انٹرویوکے دوران بالی وڈمیں 1961سے 2014تک لاہور سے شملہ اورشملہ سے ممبئی تک کے فلمی سفرمیں ولن کی کہانی اپنی زبانی بیان کی۔ انھوں نے اپنی بیٹی کے ہاتھوں لکھی گئی اپنی سوانح عمری پرروشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ بھارت، امریکہ اوربرطانیہ میں بڑی بکی ہے، پاکستان میں بھی دستیاب ہے۔ پریم چوپڑا لاہورمیں گوالمنڈی، شاہ عالمی کی گلی نمبر5 میں اعلیٰ سرکاری اہلکارکے گھر پیدا ہوئے، ان کے 5بھائی اورایک بہن تھی۔

والدین کے ہمراہ انارکلی گھومنے کی یادیں ابھی تک تازہ ہیں،لاہور بہت یاد آتا ہے، پاکستان سے پیار ہے۔ 9 سال کے تھے کہ والدکا تبادلہ شملہ ہوگیا۔ وہاں بی اے کرنے کے بعد ٹائمز آف انڈیا میں سرکولیشن ڈیپارٹمنٹ میں نوکری کی۔ اسی دوران سٹیج کاشوق چرایا۔ نوکری کے دوران شادیوں میں شرکت کے بہانے کرکے فلم کی شوٹنگ پرچلاجاتا۔ پنجابی فلموں سے آغازکیا، چودھری جرنیل سنگھ میں ہیرو آیا، جسے نیشنل ایوارڈ بھی ملا۔ میں شادی کرنے چلا اورسکندراعظم میں بھی ہیرو کا کردار تھا۔ یہ فلمیں خاص نہ چلیں، پھروہ کون تھی، تیسری منزل ، میرا سایہ میں ولن کے کردار کیے، یہ تمام فلمیں ہٹ ہوئیں جس کے بعدولن کی چھاپ لگ گئی۔ بعدازاں نوکری چھوڑدی اور فلموں کو مکمل وقت دینا شروع کردیا۔

میں بہت محنتی اور ایمانداری سے اپنے کردار نبھاتا رہا ہوں۔ سکرپٹ کے مطابق خونخوار نظر آکر کردار سے انصاف کرتا،ریپ سین بھی اس کے تقاضوں کے مطابق نبھاتا تھا،اداکاری مشکل کام ہے ،ہرکوئی نہیں کرسکتا، کردار سے انصاف نہ کرنے والے پردہ سکرین سے غائب ہوجاتے ہیں۔سادھنا،وجنتی مالا،سائرہ بانوتعلیم یافتہ اداکارہ تھیں،ہیمامالنی اوروحیدہ رحمن بھی اچھی تھیں۔ ریکھا سلجھی ادارکارہ تھیں،اپنی اداکاری سے امراؤ جان کو امر کردیا۔ ان کے ساتھ میری فلم پھول بنے انگارے خوب چلی تھی۔

امیتابھ بچن دوست ہیں، بالی وڈمیں ان کابڑامقام ہے،وہ بڑے محنتی اداکار ہیں، ہوم ورک کرکے سیٹ پرپہنچتے ہیں، اپنے کام سے کام رکھتے ہیں،سیاست میں نہیں پڑتے ۔پران نے منفی کردارکرکے فلموں میں اپناقیام دس سال بڑھا لیاتھا ۔ پریم چوپڑا نے پروگرام کے دوران پنجابی میں گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ ''میری فلم دھرتی بڑی ہٹ ہوئی سی،تسی ویکھو مزہ آوے گا۔ ہن پنجابی فلماں دابجٹ ود گیا ایہہ، دبئی، آسٹریلیا، برطانیہ، کینیڈا وچ بڑی ہٹ ہورئیاں نیں۔''پریم چوپڑا نے پاکستانی پرستاروں کے نام پیغام میں کہاکہ آپ محنت اورکوشش سے کام کرتے رہیں تومنزل مل جائیگی، انکی گفتگو کا اختتام اس شعر پر ہوا۔
بجھ جائے شمع توجل سکتی ہے
کشتی ہر ایک طوفان سے گزرسکتی ہے
ارے مایوس نہ ہونا ارادے نہ بدلنا
تقدیر کسی بھی وقت بدل سکتی ہے

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں