بنگلا دیش میں سابق پاکستانی کپتان رمیز راجا کے خلاف احتجاج پتلے نذر آتش

رمیز راجا نے کمنٹری کے دوران بنگلا دیشی کھلاڑیوں اور ان کے ملک کا مذاق اڑایا، اخبار کا دعویٰ


ویب ڈیسک February 24, 2015
بنگلا دیشی عوام کا بنگلا دیش کے میچوں کے دوران رمیز راجا کی کمنٹری پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ،مقامی اخبار۔ فوٹو : ڈھاکا ٹریبیون

سابق پاکستانی کپتان اور معروف کرکٹ کمنٹیٹر رمیز راجا ان دنوں بنگلا دیشی عوام کے شدید غم و غصہ کا نشانہ بنے ہوئے ہیں جہاں کئی شہروں میں ان کے خلاف احتجاج اور پتلے نذر آتش کیے جارہے ہیں۔

مقامی اخبار کے مطابق سابق پاکستانی کپتان رمیز راجا جو کہ ان دنوں کرکٹ ورلڈ کپ 2015میں کمنٹری کے فرائض انجام دے رہیں انہوں نے بنگلا دیش اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران کمنٹری میں نہ صرف بنگلا دیشی ٹیم کی مخالفت کی بلکہ ان کے ملک کا بھی مذاق اڑایا تھا جب کہ رمیز راجا نے بنگلا دیشی کھلاڑیوں کی عرفیت کا تمسخر اڑایا اوراس ملک کے ٹریفک کے نظام کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

اخبار کا کہنا تھا کہ رمیز راجا کے اس اقدام کی وجہ سے بنگلا دیشی عوام میں ان کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے جس کے باعث وہ رمیز راجا کے خلاف احتجاج اور ان کے پتلے بھی نذر آتش کررہے ہیں۔

اخبار کے مطابق بنگلا دیشی شائقین نے اپنے احتجاج میں بنگلا دیش کے میچوں کے دوران رمیز راجا کی کمنٹری پر پابندی عائد کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

مقبول خبریں