کراچی فائرنگ سے مذہبی جماعتوں کے 6کارکنوں سمیت10افراد ہلاک

اہلسنّت والجماعت کا آج یوسوگ اور جمعے کو یوم احتجاج منانے کا اعلان


Staff Reporter October 16, 2012
کھارادر میں تاجر ، بلال کالونی میں سنی تحریک کا کارکن، موچکو میں پولیس اہلکار اورنگی میں کمپاؤنڈرہلاک، نیپئر میں دکان پر راکٹ حملہ، 7زخمی۔ فوٹو: فائل

NEW DEHLI: شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور قتل و غارت گری کے دوران اہلسنّت و الجماعت کے 5 کارکنان ، سنی تحریک اور ایک پولیس اہلکار سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں اہلسنّت و الجماعت کے 2 سگے بھائی کارکن بھی شامل ہیں جب کہ نپیئر میں کباڑی کی دکان پر کریکر حملے اور فائرنگ کے واقعات میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔اہلسنت و الجماعت نے آج یوم سوگ اور جمعے کو صوبے بھر میں یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے ۔مبینہ ٹاؤن کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ اسکاؤٹ کالونی میں واقع صدیق اکبر مسجد کے قریب اﷲ وارث کیپ ہاؤس و عطر کی دکان پر موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دکان میں موجود 4 افراد 35 سالہ عبدالشکور ولد محمد اسمٰعیل، 24 سالہ محمد عمر ولد حق نواز 2 سگے بھائی 20 سالہ اسد اﷲ اور 22 سالہ محمد عمران ولد گل کرم خان جاں بحق ہوگئے۔

اہلسنت والجماعت کے ترجمان مولانا اکبر سعید کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے ان کے کارکنان ہیں۔ مولانا اکبر سعید نے کارکنان کے پے در پے قتل کی وارداتوں کے خلاف (آج) کراچی میں یوم سوگ جبکہ جمعے کو صوبے بھر میں یوم احتجاج کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ رات گئے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر نامعلوم افراد کی شدید فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مشتعل افراد نے ٹائروں کو نذر آتش کر کے ٹریفک معطل کر دیا۔ گلبرگ کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 5 موسیٰ کالونی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دکان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں عبدالحنان جاں بحق اور ایک نو عمر لڑکا ذیشان ولد جاوید زخمی ہو گیا۔ہلاک ہونے والے عبدالحنان کا تعلق بھی اہلسنت و الجماعت سے تھا بلال کالونی کے علاقے نیوکراچی سیکٹر 5-E میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے خرم عثمان عرف جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مقتول سنی تحریک کا کارکن تھا۔ موچکو کے علاقے گلشن غازی میں موٹر سائیکل سوار پولیس کانسٹیبل 45 سالہ محمد جمیل کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ پولیس اہلکار کی بہن بھی اس کے ہمراہ تھی جو محفوظ رہی۔ اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ راجا تنویر کالونی طوری بنگش پولیس چوکی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار ملزمان کی فائرنگ سے 38 سالہ جمیل احمد ہلاک ہوگیا۔ کھارادر کے علاقے جوڑیا بازار پیر حسن شاہ مزار کے قریب برتن گلی کے رہائشی مقامی تاجر 35 سالہ سلیمان کو نامعلوم ملزمان نے گھر کے قریب فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے، پولیس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ لیاری گینگ وار کے ملزمان موٹر سائیکل پر آئے تھے اور فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔

نپیئر کے علاقے میں کباڑی کی دکان پر کریکر کے حملے کے نتیجے میں7 افراد زخمی ہو گئے ۔ محمود آباد اعظم بستی میں یو ون بس اسٹاپ کے قریب فائرنگ سے 3 افراد ابراہیم ، نجیب اور چاند مبارک زخمی ہو گئے۔ نیو کراچی سیکٹر 5-E میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جنید ولد ظفر شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والا جنید متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن ہے ۔سچل کے علاقے شمائل آرکیڈ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کا ریٹائرڈ سب انسپکٹر 60 سالہ عمران الدین زخمی ہوگیا۔ علاوہ ازیں اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنما مولانا اورنگزیب فاروقی نے مقتول کارکنوں کی نماز جنازہ میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا تو ہم تعاون کی پالیسی کو ختم کرسکتے ہیں۔

نارتھ ناظم آباد کے علاقے میٹرک بورڈ آفس اشرف کمیونٹی شادی لان کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 23 سالہ سعید محمد ہلاک ہوگیا۔ پولیس واقعہ کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے۔ لیاری کے علاقے چاکیواڑہ تانگہ اسٹینڈ بہار کالونی سے بوری میں بند ہاتھ پاؤں بندھی ہوئی نامعلوم شخص کی لاش ملی۔ جسے 55 سالہ جاوید اقبال کے نام سے شناخت کرلیا گیا ، مقتول مشہور فٹبالر تھا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں