بجلی ضائع کرنیوالوں کو 5 لاکھ تک جرمانے کی تجویز مسترد

بے تحاشہ بجلی ضائع ہوتی ہے،توانائی کے باکفایت استعمال کی پالیسی کیلیے بورڈبنایاجائیگا،بریفنگ


Numainda Express July 09, 2015
وزارت پانی وبجلی پہلے ہی سفیدہاتھی ہے،مزیدہاتھی پالنے کی کیاضرورت ہے؟بتائیں انرجی سیورکتنے صارفین کو ملے،ارکان قائمہ کمیٹی فوٹو: فائل

قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے پانی وبجلی نے پاکستان انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن بل کے ڈرافٹ پرتحفظات کااظہارکرتے ہوئے وزارت کے حکام کواسے مزیدبہتربنانے کی ہدایت کی ہے،کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ باکفایت بجلی استعمال کی پالیسی پرعملدرآمدنہ کرنے والے صارفین کو5 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے گا۔

کمیٹی نے وزارت پانی وبجلی کو حیسکو اور سیپکو سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی لوڈشیڈنگ کی تحقیقات کی بھی ہدایت کردی ،اجلاس چیئرمین ارشدخان لغاری کی زیرصدارت ہواجس میں ایڈیشنل سیکریٹری پانی وبجلی حسن ناصر جامی نے مجوزہ بل پربریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پاکستان میں توانائی کی بچت کارجحان نہیں، صنعتی،کاروباری،زرعی شعبے کے علاوہ سرکاری دفاترمیں بے تحاشہ بجلی ضائع ہوتی ہے لیکن توانائی کے اس ضیاع کوروکنے کیلیے وزارت کے پاس کوئی اختیارنہیں،مجوزہ بل کے مطابق صارفین کوابتدا میں توانائی کے باکفایت استعمال کی ترغیب دی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں باکفایت بجلی استعمال کی پالیسی پر عمل درآمد نہ کرنے والے صارفین کو5لاکھ روپے تک جرمانہ کیاجائے گا ۔

ایڈیشنل سیکریٹری نے بتایاکہ اتھارٹی کیلیے ایک ارب روپے روپے کے فنڈزکی ضرورت ہوگی،کمیٹی کے ارکان نے بل کوغیرضروری قراردیتے ہوئے کہاکہ وزارت پانی وبجلی پہلے ہی سفیدہاتھی ہے،اس میں مزیدچھوٹے چھوٹے ہاتھی پالنے کی کیاضرورت ہے؟اس اتھارٹی کے ذریعے افسران سرکاری خزانے سے فنڈزضائع کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کریں گے۔

ایک ایک افسرکے گھرآٹھ آٹھ گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں لیکن کوئی پوچھنے والانہیں،ارکان نے کہاکہ اس سے قبل بھی توانائی بچت مہم کے سلسلے میں انرجی سیورتقسیم کیے گئے لیکن ہمیں اپنے حلقوں میں ایک بھی ایساشخص نہیں ملاجس کوانرجی سیور ملا ہو، بل کاڈرافٹ دوبارہ تیارکرکے لایاجائے،ارکان کاکہناتھاکہ ٹی وی ،اے سی اوردیگربرقی آلات کواسٹینڈبائی موڈپررکھنے کی وجہ سے سالانہ800میگاواٹ بجلی ضائع ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ ملک بھرمیں بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں پر24گھنٹے ایئرکنڈیشنڈ چلتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے توانائی ضائع ہوتی ہے،،کمیٹی کے رکن وسیم حسین نے کہاکہ توانائی ہوگی توبچت کرینگے، پہلے کراچی میں لوگ لوڈشیڈنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے توکے الیکٹرک پرذمے داری ڈال دی گئی،اب ہمیں بتایاجائے کہ حیسکوکی نااہلی کی ذمے داری کس کی ہے۔

مقبول خبریں