لاہورحملے کی خوفناک یادیں سنگاکارا کے اعصاب پرسوار

واقعے سے اپنے ملک کے دہشتگردی کا شکارلوگوں کی تکالیف کااحساس ہوا، بیٹسمین


Sports Desk August 12, 2015
سری لنکن کرکٹر سنگاکارا بیٹنگ پریکٹس کیلیے میدان میں آرہے ہیں ، بھارت سے ٹیسٹ آج شروع ہوگا ۔ فوٹو : فائل

MUMBAI: لاہور حملے کی خوفناک یادیں اب تک سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا کے اعصاب پرسوار ہیں، وہ اسے اپنی زندگی کا سب سے دہشتناک واقعہ قراردیتے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ واقعے کے بعد اپنے ملک کے دہشتگردی کا شکار لوگوں کی تکالیف کااحساس ہوا، پاکستانی عوام کرکٹ کے بہت بڑے شائق ہیں، انھیں اس کھیل سے محروم رکھنا افسوسناک ہے، وہاں پر انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا فیصلہ اسٹیک ہولڈرزکوکرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے اسٹار بیٹسمین کمارسنگاکارا اس ٹیم کا حصہ تھے جو مارچ 2009 میں لاہور کے لبرٹی چوک پر دہشتگردوں کا نشانہ بنی تھی، وہ اب تک اس واقعے کی خوفناک یادوں کو نہیں بھول پائے ہیں۔

اپنے کیریئر کے اختتامی 2 میچز کھیلنے کیلیے تیار کمارسنگاکارا کا کہنا ہے کہ میں اسے اپنے کیریئر کا خراب ترین حصہ تو نہیں مگر زندگی کا دہشتناک واقعہ ضرور قرار دوں گا، اس میں ہمارے لیے ایک تجربہ اور سبق بھی موجود تھا، تھلان سماراویرا سب سے زیادہ زخمی ہوئے اور ان کی زندگی خطرے میں تھی، ان کے دوبارہ کھیل میں لوٹنے کی امید تک دکھائی نہیں دیتی تھی مگر وہ نہ صرف آئے بلکہ سنچری بھی اسکور کی۔

اس واقعے سے ہمیں وہ تجربہ حاصل ہوا جس کا ہمارے ملک میں دہشتگردی کی لہر کے دوران عام لوگوں کو سامنا تھا، تب یہاں پر بم دھماکے اور خودکش حملے عام تھے، ہمیں ان کی تکالیف کا احساس ہوا۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے حوالے سے سوال پر سنگاکارا نے کہاکہ میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا کہ وہ جگہ اب محفوظ ہے یا نہیں، اس بارے میں فیصلہ کرنا میرا اختیار نہیں، میں اتنا جانتا ہوں کہ وہاں کے لوگ کرکٹ کے دیوانے ہیں، جب بھی ہم وہاں گئے۔

انھوں نے ہمارا بے مثال خیرمقدم کیا، وہ سری لنکا کرکٹ کو سپورٹ کرتے ہیں، وہاں کے کھلاڑی خداداد صلاحیتوں کے مالک ہیں، ان کا انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم ہونا افسوسناک ہے لیکن وہاں پر کرکٹ کی واپسی کا فیصلہ وہاں کے بورڈ، سیکیورٹی اداروں اور انفرادی بورڈز پر ہے، میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔

مقبول خبریں