نادرا بائیو میٹرک مشینوں سے ڈالے گئے آدھے سے زیادہ ووٹوں کی بھی تصدیق نہ کرسکا

ووٹوں کی تصدیق ناہونے کی وجہ نادرا ڈیٹا بیس میں ان افرادکے انگوٹھے کے نشان کی عدم موجودگی یا غیر مصدقہ شناختی کارڈ ہیں


Numainda Express August 25, 2015
این اے 19 ہری پور کے ضمنی انتخاب کے دوران 30 پولنگ اسٹیشنز پر 60 بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے رائے دہندگان کو ووٹ ڈالنے کی سہولت دی گئی، ۔فوٹو:فائل

نادراقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19 ہری پور میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے موقع پر بائیو میٹرک نظام کے تحت ڈالے گئے آدھے سے زیادہ ووٹوں کی بھی تصدیق نہ کرسکا۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ این اے 19 ہری پور کے ضمنی انتخاب کے دوران 30 پولنگ اسٹیشنز پر 60 بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے رائے دہندگان کو ووٹ ڈالنے کی سہولت دی گئی، ان پولنگ اسٹیشنز میں رائے دہندگان کی تعداد 37 ہزار 924 تھی جن میں سے 15 ہزار 723 نے ووٹ کا حق استعمال کیا،اس طرح ووٹنگ کی شرح 41 فیصد رہی۔ نادرا نے46 فیصد رائے دہندگان کی تصدیق کی جبکہ 54 فیصد کی تصدیق نادرا ڈیٹا بیس میں ان افرادکے انگوٹھے کے نشان کی عدم موجودگی یا غیر مصدقہ شناختی کارڈکی وجہ سے نہیں ہوسکی۔

اعلامیے کے مطابق چونکہ بائیو میٹرک سسٹم کا استعمال تجرباتی تھااس لیے اس نے مجموعی نتیجہ متاثر نہیں کیا۔ بائیو میٹرک سسٹم کا تجربہ کامیاب رہا ہے اس لئے آئندہ ضمنی انتخابات میں بھی اسے جاری رکھا جائے گا۔

 

مقبول خبریں