ای سی سی آج پی آئی اے کاقرضہ ری شیڈول کرنے پرغورکریگی

ملکی اقتصادی صورتحال، کھادکارخانوں کو براہ راست گیس فراہمی کاجائزہ لیا جائیگا.


Khususi Reporter October 23, 2012
پٹرولیم قیمتوں کے تعین کی سمری اور اشیائے ضروریہ کے ذخائر پر بھی بات ہو گی۔ فوٹو فائل

SUKKUR: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) منگل کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے 147 ارب روپے کا قرضہ ری شیڈول کرنے کی منظوری دینے کا جائزہ لے گی۔

ای سی سی کا اجلاس منگل کی صبح 11 بجے وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوگا جس میں ملکی مجموعی اقتصادی صورتحال، اقتصادی اشاریوں، کھاد کے کارخانوں کو براہ راست گیس کی فراہمی کیلیے ہزار کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھانے کیلیے بھجوائی جانے والی سمری اور پارلیمنٹ کی قرارداد کے مطابق پٹرولیم پراڈکٹس کی قیمتوں کے تعین سے متعلق سمری کا جائزہ لیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں پاکستان پی آئی اے کو مالی بحران سے نکالنے کیلیے بھی مختلف تجاویز زیر غور آئیںگی، پی آئی اے کا طویل مدتی اور قلیل مدتی بزنس پلان بھی پیش کیا جائے۔

جس کا بنیادی مقصد قومی ایئرلائن کو بحران سے نکالنا ہے، اس کے علاوہ اجلاس میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے اقتصادی اعدادوشمار اور ملک میں موجود اشیائے ضروریہ کے ذخائر اور انکی قیمتوں کے بارے میں بھی جائزہ لیا جائیگا۔

مقبول خبریں