پٹھان کوٹ ائیر بیس میں موجود تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا بھارتی وزیر داخلہ

آپریشن کے دوران بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل سمیت 11 فوجی ہلاک جب کہ 21 کے قریب زخمی ہوئے، بھارتی میڈیا


ویب ڈیسک January 06, 2016
آپریشن کے دوران بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل سمیت 11 فوجی ہلاک جب کہ 21 کے قریب زخمی ہوئے، بھارتی میڈیا، فوٹو؛ فائل

پٹھان کوٹ ایئر بیس کو 3 روز تک ہونے والے آپریشن کے بعد بلآخر خالی کرالیا گیا جب کہ بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ائیر بیس میں موجود تمام 6 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پٹھان کوٹ ایئر بیس پر تیسرے روز تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد کلئیر کرالی گئی ہے، آپریشن میں بھارتی نیشنل سیکیورٹی گارڈ کے 300 کمانڈوز نے حصہ لیا اور حملہ کے تیسرے روز بیس کو دہشت گردوں سے مکمل کلئیرکراتے ہوئے تمام 6 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف جاری رہنے والے بھارتی تاریخ کے سب سے طویل آپریشن کے دوران بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل سمیت 11 فوجی ہلاک جب کہ 21 کے قریب زخمی ہوئے۔

بھارتی وزیر داخلہ منوہر پاریکر نے حملے کے چوتھے روز پٹھان کوٹ ائیر بیس کا دورہ کیا جب کہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پٹھان کوٹ ائیر بیس کو دہشت گردوں سے مکمل کلئیر کرالیا گیا ہے جب کہ بیس پر حملہ کرنےوالے تمام 6 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ ائیر بیس کی سیکورٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بیس پر حملے میں سیکیورٹی کی کوئی بڑی کوتاہی نہیں تھی صرف سیکیورٹی میں کچھ خامیوں کی وجہ سے حملہ آور بیس کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوسکے تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں جن کے مکمل ہونے پر تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔

واضح رہے کہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شپ حملہ آوروں نے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر 3 اطراف سے حملہ کیا۔ بھارتی میڈیا اور حکام کے مطابق فوجی وردیوں میں ملبوس 6 دہشت گرد ایئر بیس میں داخل ہوئے تاہم بھارتی فوج ائیر بیس کو 3 دن سے زائد کے عرصے میں دہشت گردوں سے کلئیر کرانے میں کامیاب ہوسکیں۔

دوسری جانب پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملہ اس وقت مشکوک بنا جب ایئربیس کے قریبی دکانداروں نے بتایا کہ وہ اپنی دکانیں روز رات 10 بجے بند کرتے ہیں لیکن حملے سے ایک روز قبل ان کی دکانیں شام 7 بجے ہی بند کروا دی گئیں اور ایئر بیس کے اطراف لگے بیرئیر بھی ہٹا دیئے گئے جب کہ حیرت انگیز طور پر حملہ آور دو روز تک ایئر بیس کے اندر موجود رہے لیکن دفاعی تنصیبات کو کوئی نقصان تک نہ پہنچا اور اس دوران بھارتی میڈیا حملہ آوروں کی ہلاکت کا ڈھول پیٹتا رہا اور اس متعلق غلط تصاویر بھی نشر کی گئیں۔

مقبول خبریں