افغان یلغار کے سامنے زمبابوین ہتھیار بے کار

ٹیم نے 59 رنزکی شاندار فتح سے سپر10 میں قدم رکھ دیے، بارش سے متاثرہ میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ہانگ کانگ کوہرا دیا


Sports Desk March 13, 2016
ٹیم نے 59 رنزکی شاندار فتح سے سپر10 میں قدم رکھ دیے، بارش سے متاثرہ میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ہانگ کانگ کوہرا دیا۔ فوٹو: اے ایف پی

افغان یلغار کے سامنے زمبابوین ہتھیار بے کار ہوگئے، بلند حوصلہ ٹیم نے 59 رنز کی شاندار فتح سے سپر10 میں قدم رکھ دیے، 'فل ممبر ' افریقی سائیڈ کوکوالیفائنگ راؤنڈ میں ہی اپنا بوریا بستر لپیٹنا پڑگیا.

تفصیلات کے مطابق 187 رنزکے تعاقب میں ووسی سبانڈا اور ہیملٹن مساکیڈزا کے درمیان صرف 26 رنز کی اوپننگ شراکت ہوسکی، بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے دباؤ سے مساکیڈزا، حامد حسن کی فل اور اسٹریٹ ڈلیوری پر وکٹ گنوا بیٹھے، انھوں نے 11 رنز بنائے، سبانڈا 13 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر حامد کوآسان کیچ دے بیٹھے، رچمونڈ موتمبامی (10) محمد نبی کی گیند پر نجیب اللہ زدران کی وکٹ بنے، 59 کے مجموعے پرچوتھی وکٹ گری جب میلکولم والیر (7) سمیع اللہ شنواری کی گیند پر بولڈ ہوگئے، بعد میں بھی کسی بیٹسمین کی مزاحمت زیادہ دیر نہیں چل پائی،پوری ٹیم 2 بالز قبل127 رنز پر رخصت ہوگئی، تناشے پانیانگرا 7 بالز پر 2 چھکوں کی مدد سے 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، راشد خان نے 3 جبکہ حامدنے2 وکٹیں لیں۔

اس سے پہلے افغان بیٹسمینوں نے زمبابوین بولرز کی خوب کلاس لی، انھوں نے 6 وکٹ پر 186 رنز بنائے، محمد شہزاد نے 23 بالز پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 40 رنزاسکور کیے، بعد میں محمد نبی اور سمیع اللہ شنواری نے بھی اس سلسلے کو جاری رکھا، محمد نبی 52 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، ان کی 32 بالز پر مشتمل اننگز 2 چھکوں اور4 چوکوں سے آراستہ تھی، سمیع اللہ نے 37 بالز پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 43 رنز اسکور کیے۔

دوسرے میچ میں ہانگ کانگ نے 7 وکٹ پر 127 رنز بنائے،مارک چیپمین 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، آخری اوور میں بارش شروع ہوگئی،جب موسم صاف ہوا تو اسکاٹ لینڈ کو 10 اوورز میں 76 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 2 وکٹ پر حاصل کرلیا۔ آٹھویںاوور کی آخری گیند پر میٹ میچن (15)نے ندیم کو چھکا جڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، میتھیو کراس 22 اور کائل کوئیٹزر 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ یہ اسکاٹ لینڈ کی کسی آئی سی سی ایونٹ میں پہلی فتح ہے۔

مقبول خبریں