عمران عباس اورعائزہ خان نئی ڈرامہ سیریل ’ تم کون پیا‘ میں ایک ساتھ نظرآئیں گے

ایک عمدہ کہانی، بہترین کاسٹ اور دلکش موسیقی کے ساتھ تم کون پیا سال 2016 کا یادگار ڈرامہ ثابت ہوسکتا ہے۔


March 22, 2016
ایک عمدہ کہانی، بہترین کاسٹ اور دلکش موسیقی کے ساتھ تم کون پیا سال 2016 کا یادگار ڈرامہ ثابت ہوسکتا جو 23 مارچ سے ہر ہفتے بدھ کے روز رات 8 بجے نشر کیا جائے گا جس کی ایک جھلک یہاں دیکھی جاسکتی ہے۔

گزشتہ کئی برس سے پاکستانی ڈرامہ سیریلز ایک نئی آب و تاب کے ساتھ پوری دنیا میں مقبولیت حاصل کررہی ہیں۔ فن و ثقافت کے اس بین الاقوامی تبادلے اور تعاون کو پاکستانی اور بھارتی شوبز کی نامور شخصیات کی جانب سے سراہنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہم سفر، پیارے افضل، زندگی گلزار ہے، میرے درد کو جو زباں ملے، دیارِ دل، آسمانوں پہ لکھا، جیکسن ہائیٹس اور حال ہی میں من مائل جیسی سیریلز نے پسندیدگی کے نئے اور بلند ترین معیارات قائم کئے ہیں۔



23 مارچ سے پاکستانی چینل ، اردو ون پر ایسا ہی ایک ڈرامہ پیش کیا جارہا ہے۔ اردو ون پاکستانی ڈراموں کے ساتھ ساتھ ترک اور بھارتی ڈرامے پیش کرتا رہا ہے اور ستمبر 2014 میں جیکسن ہائیٹس جیسا ایک مقبول ڈرامہ پیش کرچکا ہے۔ اب رانگ نمبر جیسی فلم پیش کرنے والے اداکار اور ہدایت کار یاسر نوازنے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے اس سال اردو ون کے لئے اپنی نئی کاوش ' تم کون پیا' پیش کررہے ہیں۔ سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ سے وابستہ عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی اس سیریل کے پروڈیوسر ہیں۔



عبداللہ کادوانی نے ڈرامہ سیریل کے پروموز کی لانچنگ کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا،

' ہم ایک عرصے سے اردو ون کے ساتھ اشتراک کی منصوبہ بندی کررہے تھے اور اس سے بہتر کوئی دوسرا موقع نہ تھا کہ ہم ' تم کون پیا' کے ساتھ اردو ون سے اپنی شراکت کا آغاز کریں گے جس کی کاسٹ میں اہم ستارے، حیرت انگیز اسکرپٹ اور جاندار ڈائریکشن شامل ہے۔'

https://www.facebook.com/468070543377817/videos/483969678454570/

اردو ون چینل کی جی ایم پروگرامنگ نینا کاشف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ،

' ہم بھی اس ڈرامہ کو آن ایئر کرنے کے لئے یکساں طور پر پرجوش تھے جو اپنی اسٹوری لائن اور بہترین کاسٹ کی بدولت پہلے ہی شہرت حاصل کرچکا ہے ۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ یہ ہمارے چینل کی کامیابیوں میں ایک نیا اضافہ ثابت ہوگا۔'

https://www.facebook.com/468070543377817/videos/484393421745529/

تم کون پیا ماہا ملک کے مشہور اردو ناول ' تم کون پیا ' کی ڈرامائی تشکیل ہے۔ یہ ناول معاشرے کے خواتین کے مختلف کرداروں کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ ماہا ملک لفظی خاکہ سازی کی ماہر ہیں اور خصوصاً اس وقت جب خواتین کے مختلف کرداروں کا ذکر ہو اور اس کی شخصیت کے ان گنت پہلو کی بات کی جائے۔ اسی طرح یہ ڈرامہ بھی بہت مختلف نہیں اور اس کی کہانی ہر پاکستانی لڑکی کے دل کے قریب ہے، جو اس ڈرامے میں باپ اور بیٹی کے رشتے کے گرد گھومتی ہے اور وہ والدین کی عزت و وقار کے لئے اپنی محبت قربان کردیتی ہے۔

https://www.facebook.com/468070543377817/videos/484402321744639/

ڈرامہ سیریل کے چمکتے ہوئے ستاروں میں عمران عباس اور عائزہ خان مرکزی کردارادا کررہے ہیں جب کہ قوی خان، حنا بیات، محمود اختر، عذرا محی الدین ، علی عباس، حراترین، شامین خان، فاریہ شیخ اور یاسر شورو دیگر فنکاروں میں شامل ہیں۔

ہالی وڈ میں دلوں کو جیتنے کے بعد عمران عباس نے 'تم کون پیا' کے ساتھ کم بیک کیا ہے۔ عمران نے ڈرامہ سیریل میں ایک ایسے وفادار نوجوان کا کردار نبھایا ہے جو اپنی محبت سے وابستہ رہتا ہے اور اس لڑکی سے شادی کے انکار کے باوجود بھی اس کے خاندان کے لئے ہر طرح کی قربانی دیتا ہے۔

https://www.facebook.com/468070543377817/videos/481052152079656/

ایک اور دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ لکس اسٹائل ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد عائزہ خان نے بھی اس ڈرامے میں کم بیک کیا ہے۔ شادی کے اور ایک بچی کی ماں بننے کے بعد یہ ان کا پہلا ڈرامہ ہوگا۔ یوں وہ 'تم کون پیا' میں دوسال بعد ڈرامے کی جانب دوبارہ لوٹی ہیں۔ عائزہ ایک فرمانبردار لڑکی کا کردار نبھارہی ہیں جو اپنے والد کی خواہش کے خلاف نہیں جاتی ۔ اس ڈرامے میں اپنے کردار کے بارے میں وہ کہتی ہیں کہ اس میں 'الما' ایک فرمانبردار لڑکی کا کردار ادا کررہی ہیں۔

https://www.facebook.com/468070543377817/videos/484418855076319/

پھر ہم جانتے ہیں کہ اچھی موسیقی نہ ہو تو بہترین کہانی کے باوجود ڈرامے میں پھیکا پن رہ جاتا ہے جب کہ اس کا دلوں کو چھو لینے والا گانا لیجنڈری گلوکار راحت فتح علی خان نے گایا ہے اور جب جب یہ گانا آن ایئر ہوگا شائقین کو ڈرامہ دیکھنے پر مجبور کردے گا جس کی موسیقی ساحر علی بگا نے ترتیب دی ہے جب کہ اسے ایس کے خلش نے تحریر کیا ہے۔



















ایک عمدہ کہانی، بہترین کاسٹ اور دلکش موسیقی کے ساتھ تم کون پیا سال 2016 کا یادگار ڈرامہ ثابت ہوسکتا جو 23 مارچ سے ہر ہفتے بدھ کے روز رات 8 بجے نشر کیا جائے گا جس کی ایک جھلک یہاں دیکھی جاسکتی ہے۔

مقبول خبریں