نائٹ ٹیسٹ بھارت نے کیویزکواعتماد میں لیے بغیرشوشا چھوڑ دیا

کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل بہت سے معاملات طے کرنے ہونگے، لنزے کروکر


Sports Desk April 23, 2016
کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل بہت سے معاملات طے کرنے ہونگے، لنزے کروکر فوٹو: اے ایف پی/فائل

بھارت نے کیویزکو اعتماد میں لیے بغیر نائٹ ٹیسٹ کا شوشا چھوڑ دیا،نیوزی لینڈ بورڈ کے ہیڈ آف کرکٹ آپریشنز لنزے کروکر نے کہاکہ میں نے اس بابت پہلی بار جمعے کو ہی سنا ہے،کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل بہت سے معاملات طے کرنا ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کا ہوم سیریز میں نیوزی لینڈ سے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کا خواب پورا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا،گذشتہ دنوں بی سی سی آئی سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا تھا کہ ہم نے رواں برس کیویز سے پنک گیند کے ساتھ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے، البتہ وینیو کا انتخاب مختلف معاملات کو مدنظر رکھنے کے بعد کیا جائے گا،اس پر کیوی بورڈ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت سے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا،کسی بھی فیصلے سے قبل بہت سے معاملات طے کرنے ہوں گے۔

بھارت میں اب تک پنک گیند کا تجربہ نہیں کیا گیا جبکہ وہاں اوس بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے، اسی وجہ سے میزبان بورڈ ٹیسٹ میچ سے قبل دلیپ ٹرافی میں گیندکی آزمائش کرنا چاہتا ہے، نیوزی لینڈ کے کرکٹ آپریشنز کے سربراہ لنزے کروکر نے کہاکہ ہمارے بورڈ کا بھارت میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ پر کوئی تبادلہ خیال نہیں ہوا،اس بارے میں ہمیں بھی جمعے کو ہی معلوم ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ شاید کیوی بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ اس بات سے آگاہ ہوں کیونکہ وہ دبئی میں آئی سی سی میٹنگ میں شریک ہیں لیکن میرے لیے یہ نئی خبر ہے، انھوں نے کہا کہ میچ کھیلنے کی تصدیق سے قبل چند امور پر غور کرنا ہو گا جیسے مقام کا انتخاب، فلڈ لائٹس، پلیئنگ کنڈیشنز اور پریکٹس کے مواقع وغیرہ شامل ہیں ۔واضح رہے کہ بھارت کو نئے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت آئندہ سیزن میں ہوم گرائونڈ پر 13 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔

مقبول خبریں