شعبہ تعلیم و صحت زبوں حالی کا شکار

تھر میں غذائی قلت اور صحت کی سہولیات میسر نہ ہونے سے بچے و بڑے موت کے منہ میں دھکیلے جا رہے ہیں


Editorial April 28, 2016
دنیا بھر میں تعلیم و صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، بجٹ کا ایک بڑا حصہ مختص کیا جاتا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبے کو کاروبار بنانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے وفاق اور چاروں صوبائی حکومتوں، پی ایم ڈی سی سے ملک بھر میں قائم نجی و سرکاری اسپتالوں اور میڈیکل کالجوں کی تعداد اور سہولتوں پر مبنی رپورٹ 10 روز میں طلب کرلی ہے۔

دنیا بھر میں تعلیم و صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، بجٹ کا ایک بڑا حصہ مختص کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں ان ہی دو اہم شعبوں کی جانب سے چشم پوشی برتی جاتی ہے۔ ملک میں صحت و تعلیم کے شعبے زبوں حالی کا شکار ہیں۔ سرکاری اسکولوں کی حالت زار تو ایک طرف نجی تعلیمی مراکز بھی محض پیسہ کمانے کا ذریعہ بن گئے ہیں، تعلیم کو کاروبار بنانے کے رجحان نے فیسوں میں ہوشربا اضافہ تو کردیا لیکن تعلیمی معیار گرتا جا رہا ہے۔ اس پر مستزاد ملک میں صحت کی سہولیات بھی عنقا ہوتی جا رہی ہیں۔

پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہونے والی اموات کے بارے میں ازخود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے آبزرویشن دی کہ صحت اور تعلیم لازمی انسانی حق ہے۔ جسٹس ثاقب نے ریمارکس دیے کہ شہریوں کی صحت مند زندگی ریاست کی ترجیح ہونی چاہیے، تعلیم اور صحت کو کاروبار بنالیا گیا، چند کمروں کی عمارتوں میں میڈیکل کالجز کھلے ہوئے ہیں۔

جسٹس خلجی عارف حسین کا کہنا صائب ہے کہ غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں، سرکاری اسپتالوں کی حالت ناقابل بیان ہے، محکمہ صحت مصنوعی سانس یا وینٹی لیٹر پر ہے۔ میڈیکل سہولیات کی عدم فراہمی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے والوں کو بچانے کے لیے اسپتال میں سہولتیں تک نہیں تھیں، جس کے باعث اموات بڑھتی گئیں۔

تھر میں غذائی قلت اور صحت کی سہولیات میسر نہ ہونے سے بچے و بڑے موت کے منہ میں دھکیلے جا رہے ہیں۔ پشاور کے اسپتالوں میں نومولود 'چوہوں' کے رحم و کرم پر ہیں۔ اسپتالوں میں لوگ جعلی دواؤں سے مررہے ہیں، لاہور کے اسپتالوں میں ٹانکے لگانے کی مشینیں تک نہیں، عام لوگ کہاں جائیں۔ ملک میں تعلیم و صحت کے شعبے حالت مرگ میں ہیں، جنھیں جلا بخشنے کے لیے آکسیجن کی ضرورت ہے۔ حکومت اس سلسلے میں فوری اقدامات کرے۔

مقبول خبریں