ششانک کی اچانک رخصتی بھارتی بورڈ کو صدر کی تلاش

22 مئی کو خصوصی جنرل باڈی اجلاس طلب، انوراگ ٹھاکر مضبوط امیدوار بن گئے


Sports Desk May 15, 2016
22 مئی کو خصوصی جنرل باڈی اجلاس طلب، انوراگ ٹھاکر مضبوط امیدوار بن گئے۔ فوٹو:فائل

ششانک منوہر کی اچانک رخصتی کے بعد بھارتی بھارتی بورڈ کو نئے صدرکی تلاش ہے، اس حوالے سے 'روڈ میپ' تیار کرلیا گیا، 22 مئی کو خصوصی جنرل باڈی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے 22 مئی کو ممبئی میں خصوصی جنرل باڈی میٹنگ طلب کرلی جس میں گذشتہ ہفتے مستعفی ہونیوالے ششانک منوہر کی جگہ نئے صدر کا انتخاب عمل میں لایا جائیگا، موجود سیکریٹری انوراگ ٹھاکر اس پوسٹ کیلیے مضبوط ترین امیدوار قرار دیے جارہے ہیں۔ قوانین کے تحت انتخاب میں حصہ لینے کیلیے ایسٹ زون کی 6 ممبر ایسوسی ایشنز میں سے کم سے کم ایک کی جانب سے انوراگ کو نامزد کیا جانا ضروری ہے، اگر ایک سے زیادہ امیدوار سامنے آئے تو پھر انتخابات ہونگے ورنہ انوراگ ہی بلا مقابلہ نئے صدر منتخب ہوجائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ سیکریٹری کو طاقتور ایسٹ زون کے ممبران کی حمایت حاصل ہے جس میں بنگال، آسام، جھارکنڈ، تری پورا اور نیشنل کرکٹ کلب شامل ہیں۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 مئی مقرر کی گئی ہے۔ صدر کے عہدے کیلیے انتخاب میں حصہ لینے کی خاطر انوراگ ٹھاکر کو سیکریٹری کی پوسٹ سے استعفیٰ دینا ہوگا، جو بھی نیا صدر بنے وہ نئے سیکریٹری کا انتخاب کریگا۔ یاد رہے کہ ششانک منوہر آئی سی سی چیئرمین بننے کی خاطر 10 مئی کو عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، صرف2روز بعد وہ بلامقابلہ اور متفقہ طور پر آئی سی سی کے پہلے غیرجانبدار چیئرمین بن گئے۔

مقبول خبریں