ممبئی میں فیکٹری میں دھماکے سے 3 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی

دھماکے میں زخمی ہونے والے متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔


ویب ڈیسک May 26, 2016
دھماکے کے باعث فیکٹری کی عمارت بری طرح متاثر ہوئی ہے،فوٹو:فائل

بھارتی شہر ممبئی کی ایک فیکٹری میں دھماکے سے 3 افراد ہلاک اور40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ممبئی کے نواح میں پیش آیا جہاں ایک کیمیکل بنانے والی فیکٹری میں زورداردھماکا ہوا جس کےنتیجے میں وہاں کام کرنے والے 3 مزدور ہلاک جب کہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے، واقعے کے فوری بعد ریسکیواہلکار اور فائر بریگیڈ کے اہلکارجائے وقوعہ پہنچ گئے اورزخمیوں کونکالنے کا کام شروع کردیا جب کہ فیکٹری کی دیواریں منہدم ہونے سے متعدد مزدور ملبے تلے پھنس گئے تھے جنہیں نکالنے میں کافی مشکلات پیش آئیں۔

زخمیوں کو ممبئی کے شاستری نگراسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ دھماکے کے باعث فیکٹری کی عمارت بری طرح متاثر ہوئی ہے جب کہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، فوری طور پر حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں جب کہ یہ شبہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ دھماکا بوائلر پھٹنے سے ہوا۔

واضح رہے کہ بھارت میں فیکٹریوں اور کارخانوں میں حادثات کوئی نئی بات نہیں اور حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔

مقبول خبریں