مسجد الحرام میں قرآن پاک کے 10 لاکھ نسخے پہنچا دیے گئے

نابینا افراد کے بریل قرآنی نسخے بھی شامل، رمضان میں 210 دروازے دن رات کھلے رہیں گے


Numainda Express June 06, 2016
فوٹو: فائل

مسجد الحرام کی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران عمرہ کے لیے آنے والے لاکھوں زائرین کی سہولت قرآن پاک کے 10 لاکھ نسخے مہیا کر دیے ہیں جن میں نابینا افراد کے بریل قرآنی نسخے بھی شامل ہیں۔

مسجد نبویؐ کی انتظامیہ نے رمضان ایکشن پلان پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے اور رمضان المبارک کے دوران آنے والے لاکھوں زائرین کی خدمت کے لیے خواتین سمیت 5 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کردیے ہیں، مسجد الحرام کے 210 اور مسجد نبویؐ کے 100 دروازے دن رات کھلے رکھے جائیں گے، مسجد الحرام میں یونیفارم میں ملبوس 600 گارڈز حفاظتی فرائض انجام دیں گے۔

مسجد نبویؐ میں نمازیوں کے لیے 16 ہزار قالین بچھا دیے گئے ہیں جب کہ مکہ مکرمہ سے روزا نہ 300 ٹن آب زم زم ٹینکروں کے ذریعے مدینہ منورہ منگوانے کے لیے ضروری انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی ہے، آب زم زم 15 ہزارکولروں کے ذریعے مسجد کے اندر اوربیرونی صحنوں میں مہیا کیاجائے گا۔ مسجد کے اندراور بیرونی صحنوں میں روزانہ ایک لاکھ سے زائد افرادکی افطاری کا انتظام کیا جائے گا جنھیں کھجور، دہی، خبز(عربی روٹی) اور قہوہ پیش کیا جائے گا۔ مسجد کے بیرونی صحن میں 250ہائیڈرالک چھتریاں نمازیوں کوسایہ مہیا کریں گی جب کہ مختلف امورکے بارے میں ان کی رہنمائی کے لیے متعدد مقامات پر پلازما اسکرینیں نصب کی گئی ہیں۔ خواتین کی روضہ رسول ؐپر حاضری کی رہنمائی کے لیے مختلف زبانوں پر عبور رکھنے والی گریجویٹ خواتین بھی تعینات کی گئی ہیں۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق مسجد الحرام کی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران عمرہ زائرین کی سہولت اردو، انڈونیشیائی، ترکی، فرانسیسی، بنگالی اور انگریزی زبانوں سمیت75 زبانوں میں قرآن پاک کے تراجم کے ساتھ ساتھ نابینا افراد کے لیے بریل( کاغذپر ا بھرے ہوئے الفا ظ میں تیارکردہ) قرآنی نسخے مسجد میں رکھے ہیں۔ بریل زبان میں قرآن پاک کے نسخے 6 حصوں میں تیار کیے گئے ہیں۔ مسجدالحرام میں قرآن پاک کی تقسیم کے شعبے کے ڈائریکٹر الشیخ محمد بن ریال السیلانی نے بتایا کہ قرآنی نسخے رکھنے کے لیے لکڑی کی 733' تانبے کی2200 اورایلومینیم کی 850 چھوٹی میزیں بھی مہیا کی گئی ہیں۔ مسجدالحرام میں زائرین کی خدمت کے لیے ایک ہزارایسے سیکیورٹی اہل کارخصوصی طور پرمقرر کیے گئے ہیں جو4 زبانوں انگریزی، فرانسیسی، اردواور فارسی زبان میں بات چیت کرسکتے ہیں۔ شناخت میں سہولت کے لیے یہ اہلکار اپنی وردی پر نیلے رنگ کااسکارف خصوصی طور پر لگا کر رکھیں گے۔

مقبول خبریں