فاروق ستارکے گھرکے محاصرے کے خلاف ایم کیو ایم کا احتجاج کاروبارزندگی رواں دواں رہا

پبلک ٹرانسپورٹ اورپیٹرول پمپس کھلے ہونے کے باعث دفاترمیں بھی حاضری معمول کے مطابق رہی.


ویب ڈیسک June 08, 2016
رینجرزنے گلبرگ میں زبردستی دکانیں بند کرانے والے ملزم رضوان کو گرفتارکرلیا فوٹو: فائل

رینجرزکی جانب سے فاروق ستار کے گھر کا محاصرہ کیے جانے کے خلاف ایم کیو ایم نے یوم احتجاج منانے کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ پر امن طور پر اپنے کاروبار اور ٹرانسپورٹ کو بند رکھیں۔

کراچی میں گزشہ رات رینجرزنے ایم کیو ایم کے سینئیرڈپٹی کنوینرڈاکٹر فاروق ستار کے گھر کا محاصرہ کیا تھا جس کے خلاف ایم کیو ایم نے یوم احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ پر امن طور پر اپنے کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھیں۔

ایم کیو ایم کی اپیل پرکراچی اورحیدر آباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں کچھ مقامات پرکاروبارجزوی بند رہے تاہم زیادہ ترکاروباری مراکز، بازار، بینکس میں معمول کے مطابق کام ہوا۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور پیٹرول پمپس کھلے ہونے کے باعث سرکاری ، نیم سرکاری اور نجی دفاتر میں بھی حاضری معمول کے مطابق رہی۔ دن 2 بجے ایم کیو ایم نے احتجاج میں حصہ لینے پرعوام کا تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے کاروبار کھولنے کی اپیل کردی۔

یوم احتجاج کے دوران زبردستی کاروباری سرگرمیاں بند کرانے والے عناصر کے خلاف موثرکارروائی کے لیے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری مختلف علاقوں میں گشت کرتی رہی، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے اپنے بیان میں عوام سے اپیل کی تھی کہ شہری مکمل آزادی کے ساتھ کاروبار کھولیں انھیں تحفظ فراہم کیا جائے گا اور دکانیں بند کرانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

دوسری جانب سندھ رینجرز نے کراچی کے علاقے گلبرگ سے ایک شخص کو زبردستی دکانیں بند کرانے کے الزام میں گرفتارکیا ہے، رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے ملزم کا نام رضوان ہے اور وہ ایم کیو ایم کے یونٹ 146 کا انچارج ہے۔

مقبول خبریں