تیسرے ٹیسٹ سے قبل ایڈن گارڈنز پچ ڈرامہ عروج پر پہنچ گیا

دھونی کی جانب سے من پسند وکٹ کی تیاری کے مطالبے کو کیوریٹر نے اناکا مسئلہ بنالیا


Sports Desk December 02, 2012
1ماہ کی چھٹی لے کر گھر بیٹھ جانے والے سینئر گرائونڈ مین کو ڈالمیا نے بڑی مشکل سے منایا۔ فوٹو: فائل

انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل ایڈن گارڈنز کا پچ ڈرامہ عروج پر پہنچ گیا۔

بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی جانب سے من پسند وکٹ تیار کرنے کے مطالبے کو کیوریٹر پرابیر مکھرجی نے انا کا مسئلہ بنالیا، ایک ماہ کی چھٹی لے کر گھر بیٹھ جانے والے سینئر گرائونڈ مین کو کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) کے صدر جگموہن ڈالمیا نے بڑی مشکل سے منایا۔

07

تفصیلات کے مطابق دھونی نے احمد آباد ٹیسٹ کے بعد ایسی وکٹیں تیار کرنے کا مطالبہ کیا تھا جو میچ شروع ہوتے ہی ٹرن کرنے لگیں، اس کا انجام ممبئی میں ان کی ٹیم کو 10 وکٹ سے شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا تھا۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز کے پرانے کیوریٹر پرابیر نے یہ مطالبہ ماننے سے صاف انکار کیا جس پر وکٹ کی تیاری کیلیے بورڈ نے تریپورا کے اشیش بھومک کو کولکتہ بھیج دیا،اس پر پرابیر ایک ماہ کی چھٹی کیلیے درخواست دے کر گھر بیٹھ گئے، انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران دھونی کے مطالبے کو غیراخلاقی اور غیرمنطقی قرار دیا۔

08

انھوں نے کہا کہ کل کپتان چاند مانگے گا تو کیا اسے دے دیں گے، منتظمین چاہتے ہیں کہ میچ پانچ دنوں تک جاری رہے جبکہ دھونی جس وکٹ کا مطالبہ کررہے ہیں اس پر تین دن میں مقابلہ ختم ہوجائے گا، وہ کیوں شائقین کو دو دن کے کھیل سے محروم رکھنا چاہتے ہیں۔ دریں اثنا سی اے بی کے صدرجگموہن ڈالمیا نے پرابیر کو ان کی رہائش گاہ پر جاکر منایا اور دوبارہ کام پر آنے پر راضی کیا۔

مقبول خبریں