کاغان میں سیلفی لینے کے شوق میں خاتون سمیت 2 افراد ڈوب کر جاں بحق

دونوں افراد کا تعلق ملتان سے تھا اور وہ اپنے گھر والوں کے ہمراہ شمالی علاقاجات کی سیر کو آئے تھے


ویب ڈیسک August 21, 2016
دریائے کنہار میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے سہیل اور راشدہ کا تعلق ملتان سے ہے جو سیاحت کے لئے کاغان آئے تھے: فوٹو : فائل

سیلفی کے شوق میں خاتون سمیت 2 افراد دریائے کنہار میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کاغان کے دریائے کنہار کے کنارے ایک خاندان سیر کے لیے آیا تھا کہ ایک نوجوان سیلفی لینے کے لیے ایک پہاڑی پر چڑھ گیا، سیلفی کے دوران اس کا پیر پھسلا اور وہ دریا میں جاگرا۔ نوجوان کو گرتا دیکھ کر اس کی رشتے دار نے اسے بچانے کے لیے دریا میں چھلانگ لگادی۔ خاتون نوجوان کو نہ بچاسکی اور خود بھی ڈوب گئی۔

مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت 3 گھنٹے کے بعد 5 کلومیٹر دور سے لاشیں نکالیں۔ نوجوان کی شناخت سہیل جب کہ خاتون کی شناخت راشدہ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کا تعلق ملتان سے تھا اور وہ اپنے گھر والوں کے ہمراہ شمالی علاقہ جات کی سیر کو آئے تھے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی دریائے کنہار میں سیلفی کے شوق نے 3 افراد کی جان لے لی تھی جب ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والی 11 سالہ صفیہ سیلفی لیتے ہوئے دریائے کنہار میں گر گئی تھی اور اسے بچانے کے لئے اس کے والد ڈاکٹر آصف اور والدہ ڈاکٹر شازیہ نے بھی دریا میں چھلانگ لگادی اور تینوں جان کی بازی ہار گئے تھے۔

مقبول خبریں