جامعہ کراچی اور این ای ڈی بدترین مالی بحران سے دوچار

ایچ ای سی سے فنڈز نہ ملنے کے سبب دونوں جامعات تنخواہوں کی ادائیگی سے قاصر


Safdar Rizvi July 26, 2012
ایچ ای سی سے فنڈز نہ ملنے کے سبب دونوں جامعات تنخواہوں کی ادائیگی سے قاصر فوٹو ایکسپریس

جامعہ کراچی اور این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اعلیٰ تعلیمی کمیشن کی جانب سے گرانٹ میں اضافہ نہ کیے جانے اورفنڈ کی عدم فراہمی کے سبب نئے مالی سال کے آغاز ہی میں بدترین مالی بحران سے دوچارہوگئی ہیں، دونوں جامعات کے پاس تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے فنڈ موجود نہیں جس کے سبب رواں ماہ اورعید سے قبل آئندہ ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی خطرے میں پڑگئی ہے،

جامعہ کراچی کوتنخواہوں اورلیووانکیشمنٹ سمیت دیگراخراجات کی مدمیں فوری طورپر390ملین روپے جبکہ این ای ڈی یونیورسٹی کو80ملین روپے کی فوری ضرورت ہے، ادھر جامعہ کراچی نے حکومت سندھ سے یونیورسٹی کوفنڈفراہم کرنے کے لیے یونیورسٹی کے چانسلرگورنرسندھ سے معاملے میں فوری مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرمحمد قیصرکی جانب سے بدھ 25جولائی کوگورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کوبھیجے گئے خط میں کہاہے کہ جامعہ کراچی بدترین مالی بحران سے گزررہی ہے، تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے رقم نہیں جبکہ تنخواہوں میں اضافہ بھی کردیا گیا ہے تاہم ایچ ای سی کی جانب سے فنڈ کی فراہمی شروع نہیں ہوسکی ہے،

وائس چانسلرنے 27جون کوگورنرسیکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کاحوالہ دیتے ہوئے کہاہے کہ اس اجلاس میں سندھ کی سرکاری جامعات کوحکومت سندھ کی جانب سے فنڈکی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی،گورنرسندھ جامعہ کراچی کوبحران سے نکالنے کے لیے حکومت سندھ سے فنڈدلوائیں۔واضح رہے کہ جامعہ کراچی نے سالانہ غیرترقیاتی اخراجات کی مد میں ایچ ای سی سے 2800ملین روپے مانگے تھے

جبکہ ایچ ای سی نے یونیورسٹی کے لیے 1056ملین روپے کی گرانٹ منظورکی ہے تاہم اس منظوری کے باوجود تاحال یونیورسٹی کوغیرترقیاتی گرانٹ کے سلسلے میں رقم بھجوائی نہیں جاسکی ہے، جامعہ کراچی کورواں ماہ کی تنخواہوں کی مد میں 130ملین روپے ،عید سے قبل آئندہ ماہ کی تنخواہ کی مد میں 130ملین روپے ،

عید سے قبل لیووانکیشمنٹ کی مد میں 100ملین روپے، ہندوبرادری کے تہوار''جنم اجتمی''کے سلسلے متعلقہ ملازمین کوتنخواہوں کے لیے 10ملین روپے جبکہ جلسہ تقسیم اسناد کے سلسلے میںملازمین کواضافی تنخواہ کی مد میں مزید 130ملین روپے فوری درکارہیں، دوسری جانب این ای ڈی یونیورسٹی کوبھی رواں ماہ کی تنخواہوں کی مد میں 78ملین روپے درکار ہیں۔

 

مقبول خبریں